1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راجر کپ ٹینس ووزنیاکی کے نام

24 اگست 2010

خواتین کی عالمی نمبر دو ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے پیر کے روز راجر کپ ٹینس ٹورنامنٹ کا فائنل جیت لیا ہے۔ وزنیاکی نے اپنے روسی حریف ویرا زووناریوا کو چھ تین اور چھ دو کے بڑے فرق سے شکست دی۔

https://p.dw.com/p/OuT6
تصویر: AP

راجر کپ کو اس بار شدید بارشوں کا سامنا رہا ہے۔ ہفتے کے روز شدید ترین بارشوں کے باعث سیمی فائنل اور فائنل کو پیر تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ بیس سالہ ووزنیاکی اس فتح کے بعد رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے گرینڈ سلیم مقابلے یو ایس اوپن کے لئے بھی فیورٹ سمجھی جا رہی ہیں۔

گزشتہ برس ووزنیاکی یو ایس اوپن ٹینس کے فائنل میں کم کلائسٹرز سے شکست کھا گئی تھیں تاہم اس مرتبہ وہ بہتر فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ ہارڈ کورٹ پر رواں سیشن کی یہ ان کی تیسری جبکہ گزشتہ تین ہفتوں میں دوسری فتح ہے۔

Kim Clijsters US Open Tennis Trophäe
گزشتہ برس ووزنیاکی یو ایس اوپن ٹینس کے فائنل میں کم کلائسٹرز سے شکست کھا گئی تھیںتصویر: AP

پیر ہی کے روز سیمی فائنل میں ووزنیاکی نے روسی کھلاڑی سویتلانا کزنیٹسووا کو چھ دو اور چھ تین سے شکست دی تھی۔

جیت کے بعد ووزنیاکی کا کہنا تھا کہ مسلسل دو روز تک مقابلے کے انتظار کے باعث وہ شدید تھکن محسوس کرنے لگی تھیں اور ایک وقت میں انہیں ایسا محسوس ہو رہا تھا، جیسے وہ کھیل ہی نہیں پائیں گی۔

’’تقریباً دو روز تک سیمی فائنل اور فائنل کا انتظار کرنے پر مجھے تھکن محسوس ہو رہی تھی بلکہ یوں لگ رہا تھا، جیسے میں پہلا میچ کھیلنے جا رہی ہوں۔ مگر میں بہت خوش ہوں کہ میں نے ایک ہی دن دو میچ بآسانی جیت لئے۔ مجھے بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔‘‘

سیمی فائنلز کے صرف دو گھنٹوں بعد فائنل مقابلہ منعقد ہوا۔ آغاز میں روسی کھلاڑی زووناریوا چاق و چوبند نظر آئیں۔ ایک موقع پر سکور پانچ تین تھا، تاہم بعد میں ووزنیاکی نے اچھا کم بیک کیا اور پہلا سیٹ جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں عالمی نمبر دو ووزنیاکی مکمل طور پر چھائی رہیں۔ ایک موقع پر روسی کھلاڑی زووناریوا مکمل طور پر بے بس اور خودکلامی کرتی ہوئی بھی دکھائی دیں۔

یہ ووزنیاکی کے کیریئر کا نواں ٹائٹل ہے۔ عالمی نمبر ایک امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز زخمی ہونے کے بعد اس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئی تھیں۔ اگر ووزیاکی یو ایس اوپن جیتنے میں کامیاب ہو گئیں، تو وہ عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر کی کھلاڑی بن جائیں گی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں