1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راحت فتح علی خان پر فردِ جرم عائد

19 فروری 2011

بھارت نے معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان پر فردجرم عائد کر دی ہے۔ ان پر کرنسی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ قبل ازیں حکام نے ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا تھا۔

https://p.dw.com/p/10KbN
راحت فتح علی خانتصویر: AP

راحت فتح علی خان گزشتہ اتوار کو اپنے طائفے کے ساتھ دہلی سے لاہور کے لیے روانہ ہونے والے تھے کہ ان کے پاس سے مبینہ طور پر ایک لاکھ چوبیس ہزار ڈالر کی نقد رقم برآمد کی گئی۔ وہ بھارت کے دس روزہ دورے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔ اس دوران وہاں انہوں نے متعدد کنسرٹس میں حصہ لیا تھا۔ ان کے مینیجر معروف پر بھی اسی نوعیت کے الزامات لگائے ہیں۔

بھارتی قوانین کے مطابق ملک میں داخلے اور روانگی کے وقت صرف پانچ ہزار ڈالر تک نقد رکھنے کی اجازت ہے۔

بھارت میں سینٹرل بورڈ آف ایکسائز اینڈ کسٹمز کے چیئرمین ایس دت ماجومدار کا کہنا ہے کہ نقد رقم مبینہ طور پر طائفے کے ارکان کے درمیان تقسیم تھی۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں فوری طور پر راحت فتح علی خان پر لگائے گئے الزامات کا علم نہیں ہے۔ رواں ہفتے قبل ازیں اسلام آباد میں پاکستانی وزارت خارجہ نے صورت حال کا بغور جائزہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ راحت اور ان کے مینیجر پر بھاری جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ ان پر کس قدر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

Nusrat Fateh Ali Khan
نصرت فتح علی خانتصویر: AP

دوسری جانب پاکستان اور بھارت میں میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جرمانے کی ادائیگی کے بعد راحت فتح علی خان اور ان کے مینیجر کو وطن لوٹنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق راحت کے ایجنٹ یوسف صلاح الدین کا کہنا ہے کہ شاید وہ بھارت کے کرنسی قوانین سے آگاہ نہیں تھے۔ انہوں نے رواں ہفتے قبل ازیں ٹائمز ناؤ ٹی وی کے ساتھ بات چیت میں کہا تھا، ’وہ دس دِن سے بھارت میں تھے‘۔ اس دوران انہوں نے تقریباﹰ سات کنسرٹس میں حصہ لیا اور ہو سکتا ہے کہ اس میں سے کچھ پیسہ انہیں ایئرپورٹ پر ہی دیا گیا ہو۔

راحت فتح علی خان کا بھارت آنا جانا لگا رہتا ہے اور وہ بالی وُڈ میں صف اوّل کے پلے بیک سنگرز میں سے ایک ہیں۔ وہ متعدد ہٹ گانے ریکارڈ کرا چکے ہیں جبکہ رواں برس انہیں بہترین گلوکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔ وہ لیجنڈ نصرت فتح علی خان کے بھتیجے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں