1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روسی جہاز خلائی مرکز پر رکنے میں کامیاب

5 جولائی 2010

روس کا ایک خلائی جہاز بلآخر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر رکنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ دو روز قبل یہ کوشش تکنیکی خرابی کے باعث ناکام رہی تھی۔ حکام کا کہنا ہے انہوں نے ریڈیو سگنل کے مسائل پر قابو پا لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/OAav
تصویر: picture alliance / landov

ان مسائل کے باعث قبل ازیں یہ جہاز انٹرنیشنل اسپیس سینٹر پر رک نہیں سکا تھا۔ یہ پروگریس M-06M کارگو جہاز ہے، اس پر کسی طرح کا عملہ موجود نہیں اور اس کا مقصد خلائی مرکز پر رَسد پہنچانا ہے۔ یہ زمین سے 30 جون کو روانہ ہوا تھا اور اس پر خلا میں موجود تین روسی اور تین امریکی خلانوردوں کے لئے 2.6 ٹن ایندھن، خوراک اور پانی لے جایا گیا ہے۔ اس کے ذریعے تجرباتی سامان بھی پہنچایا گیا ہے۔

روسی مشن کنٹرول سینٹر نے انٹرنیٹ پر جاری کئے گئے ایک اعلامئے میں کہا ہے کہ اتوار کو عالمی وقت کے مطابق شام چار بج کر17منٹ پر یہ جہاز بین الاقوامی خلائی مرکز پر رکنے میں کامیاب ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں جمعہ کو ریڈیو لنک میں خرابی کے باعث یہ کوشش ناکام رہی تھی۔

Brasilianischer Austronaut auf der ISS
کارگو جہاز کو خلائی مرکز پر روکنے کی پہلی کوشش ناکام رہیتصویر: AP

انہوں نے مزید بتایا کہ جمعہ کو جہاز کا خودکار نظام ناکام ہونے کے بعد خلائی اسٹیشن پر موجود عملہ اسے مینئول موڈ پر منتقل نہیں کر سکا تھا۔

واضح رہے کہ مئی میں بھی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے ایک کارگو جہاز کو خود کار نظام کے تحت روکا نہیں جا سکا تھا۔ تاہم اس وقت مینئول نظام کے کام کر نے کے باعث جہاز کو اسی دن خلائی مرکز پر روک لیا گیا تھا۔

روسی حکام نے بتایا کہ اتوار کو کی گئی کوشش میں ریڈیو لنک استعمال نہیں کیا گیا بلکہ ماسکو اور انٹرنیشنل اسپیس سینٹر پر موجود ماہرین کی نگرانی میں یہ عمل خودکار طریقے سے پورا کیا گیا۔

روسی مرکز کا کہنا ہے کہ خلائی مرکز پر پہنچنے والا یہ ان کا 40 واں کارگو جہاز ہے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اتوار کو یہ کارگو جہاز کسی مشکل کے بغیر خلائی مرکز پر رکنے میں کامیاب رہا۔

انٹرنیشنل اسپیس سینٹر زمین سے 350کلومیٹر اوپر گردش کر رہا ہے اور سائنسی تجربات کے لئے اہم ترین پلیٹ فارم تصور کیا جا تا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں