1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’روسی نظریے کے خلاف‘، پچاس سے زائد کتابیں نذر آتش

افسر اعوان14 جنوری 2016

روسی حکام نے 50 سے زائد کتابیں جلا دی ہیں جبکہ 500 سے زائد دیگر کتابوں کو کالج لائبریریوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان کتابوں میں ایسے خیالات موجود ہیں جو روسی نظریات کے خلاف ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Hdrg
تصویر: picture alliance/dpa/P. Alexei

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جن کتابوں کو جلایا یا ہٹایا گیا ہے وہ امریکا میں قائم ایک تنظیم ’سوروز فنڈ‘ کی رقوم سے چھاپی گئی تھیں۔ اس فنڈ کو گزشتہ برس نومبر میں ’ناپسندیدہ ایجنٹ‘ یا ادارہ قرار دیتے ہوئے اسے روس میں کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان کتابوں کو روس کے شمال مغربی علاقے کومی میں واقع دو کالجوں سے ہٹایا گیا ہے۔ ان میں سے بعض کُتب کو بعد ازاں اسکول کے ایک احاطے میں جلا دیا گیا۔

کومی کے وزیر تعلیم کی طرف سے بدھ 13 جنوری کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ ان کُتب کو ایک صدارتی نمائندے کی طرف سے جاری کردہ ایک تحریری درخواست پر ہٹایا گیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ایسی کتابیں جو ’سوروز فنڈ‘ کی طرف سے فراہم کردہ رقوم سے شائع ہوئی ہیں، انہیں نصاب سے نکال دیا جائے۔ یہ خط ایک مقامی نیوز سائٹ کو فراہم کیا گیا ہے، جس نے اس بارے میں معلومات کی فراہمی کی درخواست کی تھی۔

جن کتابوں کو جلایا یا ہٹایا گیا ہے وہ امریکا میں قائم ایک تنظیم ’سوروز فنڈ‘ کی رقوم سے چھاپی گئی تھیں
جن کتابوں کو جلایا یا ہٹایا گیا ہے وہ امریکا میں قائم ایک تنظیم ’سوروز فنڈ‘ کی رقوم سے چھاپی گئی تھیںتصویر: picture-alliance/dpa/M. Balce Ceneta

روس کے وفاقی وزیر ثقافت نے آج جمعرات 14 جنوری کو رپورٹرز کو بتایا کہ انہیں اس واقعے کے بارے میں علم نہیں ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ کتابوں کا نذر آتش کیا جانا ایک غلطی ہو گی۔ روس کی تاس نیوز ایجنسی کے مطابق کلچر منسٹر ولادیمیر میڈنسکی کا اس حوالے سے کہنا تھا، ’’اصولی طور پر کتابیں نذر آتش کرنا یادگاروں کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ یہ بہت برا لگتا ہے اور میرے خیال میں یہ ناخوشگوار تاریخ کی یاد دلاتی ہیں۔ یہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔‘‘