1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم 23 ہلاک

کشور مصطفیٰ13 دسمبر 2015

روس کے جنوب مغربی علاقے کے ایک نفسیاتی علاج کے ہسپتال میں آگ لگنے کے واقعے میں 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1HMYx
تصویر: Reuters

ہستال کی عمارت لکڑی کی بنی ہوئی تھی اور اس میں 20 سے زائد مریض زیر علاج تھے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق 19 لاشیں اُس جگہ سے برآمد ہوئیں جہاں آگ لگی تھی جبکہ دو افراد کی ہلاکت ایک ہسپتال میں ہوئی۔

روسی نیوز ایجنسی RIV نووستی نے ایک مقامی ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے حوالے سے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ آتش زنی کے اس واقعے میں ہلاک ہونے والے 20 افراد میں سے 19 کی لاشیں جائے وقوعہ سے نکالی گئی ہیں جبکہ دو افراد کی ہلاکت ایک ہسپتال میں ہوئی تاہم دو افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔

نیوز ایجنسی Tass نے بھی اپنی رپورٹوں میں کہا ہے کہ ہسپتال میں آگ لگنے کے واقعے میں کم ازکم 21 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور آگ بجھانے والا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس نیوز ایجنسی نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آگ لگنے کا یہ واقعہ گاؤں الفیروفکا میں ہفتے اوراتوار کی درمیانی نیم شب سے چند لمحے پہلے پیش آیا۔

مزید برآں 50 افراد جان بجا کر فرار ہوئے ہیں یا انہیں بچا لیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر ایک سول ڈیفنس ترجمان نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ یا ناقص وائرنگ بتائی جا رہی ہے۔

Brand in Krankenhaus Russland
تین گھنٹوں تک فائر فائٹرز آگ بجھانے کی مہم میں مصروف رہےتصویر: picture alliance/dpa

آگ بجھانے والے عملے اور ریسیکو کا کام انجام دینے والے قریب 440 ورکرز نے تین گھنٹوں تک آگ بجھانے کی کوشش کا عمل جاری رکھا۔ بتایا گیا ہے کہ آگ لگنے کے فوراً بعد ہی امدادی کارروائی کے لیے 80 گاڑیاں دیگر علاقوں سے جائے وقوعہ پہنچی تھیں۔

گزشتہ چند سالوں کے اندر روس کے ہسپتالوں میں آگ لگنے کے متعدد واقعات پیش آ چُکے ہیں۔ ستمبر 2013 ء میں شمال مغربی روس کے ایک ہسپتال میں آگ لگنے کے واقعے کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اُسی سال اپریل میں رونما ہونے والے ایسے ہی ایک واقعے میں 38 انسانی جانیں ضایع ہو چُکی تھیں۔