1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روہنگیا مسلمان: سُوچی اور یورپی یونین میں اختلافات

2 مئی 2017

آنگ سان سُوچی نے اقوام متحدہ کی حقوقِ انسانی کونسل کے اُس فیصلے کو رَد کر دیا ہے، جس میں میانمار کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے روہنگیا مسلمان اقلیت کے خلاف جرائم کے الزامات کی تحقیقات کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2cFRQ
Belgien | Pressekonferenz Federica Mogherini und Aung San Suu Kyi
تصویر: Reuters/E. Vidal

تاہم روہنگیاں مسلمانوں کے حوالے سے ان کے اور یورپی یونین میں اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ آج برسلز میں سُوچی نے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگرینی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میانمار ایسا کوئی تحقیقاتی مشن بھیجنے کے فیصلے سے متفق نہیں ہے۔

اس کے جواب میں یورپی یونین کی اعلیٰ ترین سفارت کار موگرینی نے سُوچی کے موقف سے اختلاف کرتے ہوئے میانمار پر اس مشن کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے زور دیا۔ موگرینی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے مشن کے ساتھ تعاون کرنے سے ان الزامات سے متعلق پائی جانے والی بے یقینی ختم ہو جائے گی کہ روہنگیا مسلمانوں کو قتل، عصمت دری اور ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں مارچ میں اس بات پر اتفاق رائے ہوا تھا کہ راکھین نامی ریاست میں قتل، آبرو ریزی اور تشدد کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک مشن روانہ کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں میانمار کے حوالے سے یہ قرار داد یورپی یونین نے ہی پیش کی تھی اور اسے ویٹو کے بغیر ہی قبول کر لیا گیا تھا۔ اس دوران چین اور بھارت نے ووٹ دینے کا اپنا حق محفوظ رکھا تھا۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے حوالے سے تحقیقات کرنے والے ماہرین کا کہا تھا کہ اس بات کے بہت زیادہ امکانات ہیں کہ میانمار کی فورسز انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہیں۔