1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رچرڈ ہالبروک کا سوات متاثرین کے کیمپوں کا دورہ

4 جون 2009

پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی صدر کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے مردان اور صوابی میں قائم متاثرین کے کیمپوں کادورہ کیاہے اس موقع پرانہوں نے متاثرین کے خیموں میں جاکر ان کی خیرت دریافت کی۔

https://p.dw.com/p/I3Zx
امریکی مندوب برائے پاکستان و افغانستان رچرڈ ہالبروکتصویر: AP

دورے کے دوران ہالبروک نےمتاثرین کو ملنے والی سہولیات اور امداد کے بارے میں بات چیت کی متاثرین کے نمائندوں نے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اور دیگر حکام سے مطالبہ کیاکہ امریکہ اورپاکستانی حکومت مل کر مالاکنڈ ڈویژن کے قیام امن میں اپنا کردارادا کریں۔

متاثرین کا کہناتھا کہ انہیں امداد کی بھی اتنی ضرورت نہیں ہے صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کے علاقے میں امن قائم کیاجائے تاکہ وہ اپنے گھروں میں واپس جاسکیں وہاں سے عسکریت پسندوں کاخاتمہ ہوگا تو علاقے میں امن آئے گا۔ متاثرین کا کہنا تھاکہ انہیں کیمپوں میں بے پناہ مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس موقع پر امریکی صدر کے خصوصی ایلچی رچرڈ ہابروک نے کہاکہ حال ہی میں امریکی صدر نے تین ملین ڈالرز کی امداد کی منظوری دی ہے اوریہ امداد صرف متاثرین کے لئے ہے یہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لئے اس ایک ارب ڈالرز کے علاوہ ہیں جس کا اعلان ٹوکیو میں کیاگیا۔ ان کا کہناتھا کہ امریکہ اس موقع پر پاکستان کو عالمی برادری کی جانب سے ملنے والے امداد کانصف دے رہا ہے۔

ہالبروک نے متاثرین کویقین دلایاکہ متاثرین کو جلدازجلد اپنے گھر واپس جانا چاہیے یہاں گرمی زیادہ ہے جبکہ سہولیات کا بھی فقدان ہے امریکہ بھرپور کوشش کررہا ہے کہ متاثرین کی امداد میں کوئی کمی نہ ہو اس موقع پر پاکستان میں امریکی سفیر این ڈبلیو ٹیرسن بھی ان کے ہمراہ تھی ان کا کہناتھا کہ گزشتہ تین ہفتے کے دوران امریکہ نے متاثرین کے لئے تیرہ کروڑ پچا س لاکھ ڈالرز کی امداد فراہم کی ہے عالمی برادری کی جانب سے دی جانیوالی امداد کی نصب حصہ امریکہ نے دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے اور آئی سی آر سی سمیت کئی دیگر اداروں کو امداد دے رہے ہیں تاکہ وہ متاثرین کی امداد کرسکیں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے جس میں دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ نقل مکانی کرنے والوں کی بھرپور امداد کی جائے گی بعدازاں انہوں نے کیمپ کاتفصیلی دورہ کیا اور سہولیات کاجائزہ لیا یہ بات قابل ذکرہے کہ سہولیات کے فقدان اور امداد کے حصول کےلئے پشاورمیں مقیم متاثرین نے دومختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے ہیں جبکہ مظاہروں کا یہ سلسلہ دیگر شہروں میں جاری رہا۔

رپورٹ : فرید اللہ خان، پشاور

ادارت: عاطف توقیر