ریس کے دوران ہی دل کا دورہ پڑنے سے سائیکلسٹ کی موت

ریس کے دوران ہی دل کا دورہ پڑنے سے سائیکلسٹ کی موت

فرانس کی مشہور ایک روزہ پیرس روبے سائیکل ریس کے دوران بیلجیم کے نوجوان سائیکلسٹ میشائل گولاٹس انتقال کر گئے ہیں۔ تئیس سالہ گولاٹس پہلی مرتبہ اس ریس میں شرکت کر رہے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے آج پیر نو اپریل کو بتایا ہے کہ بیلجیم کے نوجوان سائیکلسٹ میشائل گولاٹس دوران ریس دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔ اتوار کے دن منعقدہ پیرس روبے ریس میں شریک گولاٹس فنش لائن سے 150 کلو میٹر قبل اچانک بے ہوش گئے تھے۔

تئیس سالہ گولاٹس کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرانسیسی شہر لیل کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ علاج کے باوجود جانبر نہ ہو سکے۔ وہ سن دو ہزار چودہ میں بیس برس کی عمر میں پروفیشنل سائیکلسٹ بنے تھے۔ بیلجیم کے ویرنداس ولیم ٹیم کی نمائندگی کرنے والے گولاٹس فرانس کی مشہور پیرس روبے سائیکل ریس میں پہلی مرتبہ حصہ لے رہے تھے۔

ویرنداس ولیم ٹیم کی طرف سے ایک ٹوئیٹ میں گولاٹس کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا، ’’یہ ایک ناقابل یقین صدمہ ہے۔‘‘ گولاٹس کی ٹیم کی طرف سے تصدیق کر دی گئی ہے کہ وہ دوران ریس حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے۔

Michael Goolaerts Radprofi

تئیس سالہ گولاٹس پہلی مرتبہ اس ریس میں شرکت کر رہے تھے

ویرنداس ولیم ٹیم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی جائیں گی کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ گولاٹس کے عزیز اس غم میں خود کو سنبھال سکیں۔‘‘

سائیکلنگ کے بین الاقوامی منتظم ادارے UCI کے صدر ڈیوڈ لیپارٹینٹ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ وہ تنظیم اور اپنی طرف سے اس ناگہانی موت پر گولاٹس کے گھر والوں کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اس غم میں وہ گولاٹس کے گھر والوں اور دوستو کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

دو سال قبل کوزیکا کریٹیریم انٹرنیشنل سائیکل ریس میں شامل بائیس سالہ بیلجیم کے سائیکلسٹ ڈان مینگہیر کو بھی دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے دو دن بعد وہ انتقال کر گئے تھے۔ سن دو ہزار گیارہ میں بیلجیم کے ایک سائیکلسٹ وولٹر وائے لینڈ جیرو ڈی اطالیہ ریس کے دوسرے مرحلے میں ایک ایکسیڈنٹ کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

ع ب / ا ع / خبر رساں ادارے