1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریڈ میٹ اور دیگر پروسیسڈ گوشت بڑی آنت کے کینسر کا مؤجب

کشور مصطفیٰ26 اکتوبر 2015

عالمی ادارہ صحت کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق ساسیج، سور کی ران کا گوشت ہیم اور دیگر پروسیسڈ گوشت قولون یا بڑی آنت کے کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GuOo

ڈبلیو ایچ او کی اس رپورٹ سے ماہرین کی طرف سے گوشت کا استعمال کم کرنے سے متعلق مشوروں اور تجاویز کو مزید تقویت ملی ہے۔ یہ کہنا ہے انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر IARC کا۔ اس ایجنسی نے گوشت کھانے والوں میں کینسر سے متعلق 800 کیسز کی اسٹڈی کی اور گوشت کی غذا کے استعمال اور کینسر کے مابین ربط کے بارے میں تحقیق کی ہے۔ IARC کے ایک اہلکار کُرٹ اسٹریف نے ایک بیان میں کہا، ’’دنیا بھر میں ایک بڑی تعداد میں افراد پروسیسڈ یا عمل شدہ گوشت کا استعمال کرتے ہیں جو کینسر کے واقعات اور صحت عامہ کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے‘‘۔

Rotes Fleisch
ریڈ میٹ صحت کے لیے نقصاندہتصویر: picture-alliance/ dpa

ڈبلیو ایچ او کی یہ تازہ ترین رپورٹ دنیا کے 10 ممالک کے 22 ماہرین نے مل کر تیار کی ہے۔ فرانسیسی شہر لیون میں قائم انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر IARC کے مطابق اس جائزے سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ اس کے نتیجے میں زیادہ تر قولون یا بڑی آنت اور ریکٹم یا مقعد کے سرطان کے علاوہ پینکریاز یا لُبلبے اور مردوں کے غدود مثانہ کے کینسر میں مبتلا ہونے کا سبب بنتا ہے۔

ریڈ میٹ میں گائے، بچھڑے، خنزیر، دنبے، بکرے، گھوڑے اور بکرے کا گوشت شامل ہے جبکہ پروسیسڈ یا عمل شُدہ گوشت جس میں ہاٹ ڈوگ، ساسیجز، نمک کے ذریعے م‍‍حفوظ کیے گئے یا کورنڈ بیف، کینڈ میٹ یا گوشت سے تیار کردہ سوس وغیرہ شامل ہیں۔ دونوں کے بارے میں ہونے والی ریسرچ سے پتہ چلا ہے کہ یہ انسانوں میں کولوریکٹل یا قولون اور امعاءِ مستقیم کے سرطان کا سبب بنتی ہیں۔

Salamiverkäuferin
ہاٹ ڈوگ، ساسیجز، نمک کے ذریعے م‍‍حفوظ کیے گئے یا کورنڈ بیف بھی کینسر کا سبب بن سکتا ہےتصویر: AP

گوشت کو کئی طریقے سے خراب ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ اس میں نمک لگا کر، اسے سُکھا کر، خمیر کے ذریعہ یا گوشت کو بھاپ میں پکا کر یا اسموکنگ کے ذریعے خراب ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔

انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر IARC نے تاہم کہا ہے کہ ریڈ میٹ یا گائے کے گوشت میں انسانی صحت کے لیے ضروری غذائیت بھی پائی جاتی ہے اس لیے صحت عامہ کے امور سے متعلق حکام کو گوشت کے فوائد اور اس کے بہت زیادہ استعمال کے نقصانات دونوں کے درمیان توازن کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنا چاہیے۔

اس ایجنسی نے کہا ہے کہ ریڈ میٹ کے نقصانات اتنے ہی سنگین نوعیت کے ہو سکتے ہیں جتنا کے تمباکو نوشی، دھواں اور اسبسٹاس وغیرہ کے۔