1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریکس ٹلرسن امریکا کے نئے وزیر خارجہ، بڑے چیلنجز درپیش

علی کیفی Reuters, AFP, AP
2 فروری 2017

امریکی سینیٹ کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد چونسٹھ سالہ ریکس ٹلرسن نے نئے وزیر خارجہ کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ اُن کی پہلی سرکاری ملاقات اپنے جرمن ہم منصب زیگمار گابریئل سے ہو رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/2Wpj1
USA Außenminister Rex Tillerson | Vereidigungszeremonie
تصویر: Reuters/C. Barria

امریکی سینیٹ کی جانب سے، جہاں ری پبلکن ارکان کو اکثریت حاصل ہے، ٹلرسن کی بطور وزیر خارجہ ثوثیق بدھ یکم فروی کو کی گئی، جس کے فوراً بعد اُنہوں نے اوول آفس میں اپنے عہدے کا حلف بھی اُٹھا لیا۔ اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اُن کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملائے: ’’آپ ہمارے سفارت کاروں کے اور دفترِ خارجہ کے اُس مشن سے اچھی طرح سے آگاہ ہیں، جس کا تعلق ریاست ہائے متحدہ امریکا کے مفادات کے تحفظ اور اس ملک کو زیادہ محفوظ اور زیادہ خوشحال بنانے سے ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہم اس انتہائی ہنگامہ خیز دور میں امن و استحکام کی منزل حاصل کر سکتے ہیں۔‘‘

سینیٹ کے ڈیموکریٹ ارکان نے ٹلرسن کی تقرری پر خاصا شور مچایا اور کہا کہ توانائی سے متعلق ایک بڑے ادارے میں اُن کے چار عشروں پر محیط کیریئر کے باعث خدشہ یہ ہے کہ وہ دنیا کو ایک کاروباری منتظم کی نگاہ سے دیکھیں گے۔ واضح رہے کہ ریکس ٹلرسن تیل کا کاروبار کرنے والے ادارے ایکسون موبیل کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو رہ چکے ہیں۔ ڈیموکریٹس نے کہا، اُنہیں اس بات کا بھی یقین نہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو غلط سمجھنے کی صورت میں ٹلرسن اُن کے خلاف مزاحمت بھی کریں گے۔ بالآخر ڈیموکریٹس کی ساری کوششیں ناکام رہیں اور امریکا کے اُنہترویں وزیر خارجہ کے طور پر سینیٹ میں ٹلرسن کے نام کی تینتالیس کے مقابلے میں چھپن ووٹوں سے توثیق کر دی گئی۔

سینیٹ کے ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان نے ڈیموکریٹس کی تمام تر شکایات رَد کرتے ہوئے کہا کہ ٹلرسن اِس عہدے پر کام کرنے کے پوری طرح سے اہل ہیں۔

Russland Putin überreicht "Orden der Freundschaft" an Tillerson
ریکس ٹلرسن کو اکیس جون 2013ء کو صدر ولادیمیر پوٹن کی جانب سے روس کے اعلیٰ اعزاز ’آرڈر آف فرینڈ شپ‘ سے نوازا گیا تھاتصویر: picture alliance/dpa/K. Mikhail

نیوز ایجنسی روئٹرز کے ایک جائزے کے مطابق وزیر خارجہ کے طور پر ریکس ٹلرسن کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے کیے گئے اُن اقدامات کے سبب انتہائی سخت چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑے گا، جن کی مسلم اقوام، امریکا کے یورپی حلیف، میکسیکو اور خود امریکی بیوروکریٹس بھی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔

ریکس ٹلرسن نے ایک ایسے وقت پر وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالا ہے، جب شام میں خانہ جنگی بدستور جاری ہے، ایٹمی طاقت کا حامل شمالی کوریا ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے کی دھمکی دے رہا ہے اور امریکا کو ایک مسلسل اُبھرتے ہوئے چین اور عالمی منظر نامے پر زیادہ سے زیادہ جارحانہ انداز اپناتے روس کا سامنا ہے۔

سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے چیئرمین سینیٹر باب کورکر نے ٹلرسن کے تجربے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھتر ہزار ملازمین کے حامل ایک عالمی ادارے کے سربراہ رہے ہیں اور اس دوران اُن کے عالمی رہنماؤں سے بھی ’گہرے تعلقات‘ رہے ہیں۔

Deutschland Außenminister Gabriel Aufbruch Reise in die USA
نئے جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریل دو فروری کو برلن کے ٹیگل ایئرپورٹ سے واشنگٹن کے لیے روانہ ہو رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/B.v. Jutrczenka

انہی رہنماؤں میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن بھی شامل ہیں، جنہیں ٹِلرسن کا ایک ’قریبی دوست‘ کہا جاتا ہے۔ ناقدین نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اس ’قربت‘ کے باعث ٹلرسن شاید تب کوئی زیادہ جارحانہ انداز نہیں اپنا سکیں گے، جب روس امریکی مفادات کے خلاف کارروائی کرے گا۔ واضح رہے کہ ریکس ٹلرسن کو 2013ء میں روس کے اعلیٰ اعزاز ’آرڈر آف فرینڈ شپ‘ سے نوازا گیا تھا۔

نئے امریکی وزیر خارجہ کے طور پر ٹلرسن کی پہلی ملاقات اپنے نئے جرمن ہم منصب زیگمار گابریئل سے ہو گی، جنہوں نے بدھ یکم فروری کی شام امریکا روانگی سے پہلے کہا کہ وہ دوستی کا پیغام لے کر واشنگٹن جا رہے ہیں: ’’ہم اپنے امریکی ساتھیوں پر اپنا موقف، اپنے مفادات اور اپنی اَقدار واضح کرنا چاہتے ہیں اور ایک اچھی، کھلی اور دوستانہ مکالمت کے خواہاں ہیں۔‘‘