1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ری پبلکن اسپیکر بوئیہنر کی چین مخالف بِل پر تنقید

13 اکتوبر 2011

امریکی ایوان نمائندگان کے ری پبلکن اسپیکر جون بوئیہنر نے چین کی ناراضگی کا سبب بننے والے متنازعہ بِل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ اسے قانونی شکل دینے کے حامی نہیں۔

https://p.dw.com/p/12rGY
تصویر: AP

جون بوئیہنر کے بقول یہ بِل خارمہ امور سے متعلق بعض خطرات کو جنم دے رہا ہے۔ امریکی سینٹ میں اوباما کے حامی ڈیموکریٹس نے یہ بِل منطور کرکے ایوان نمائندگان میں بھیجا ہے۔ بِل کے ذریعے چینی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ بِل چین کو اپنی کرنسی کی قدر بڑھانے پر مجبور کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ اسے قانونی شکل میں ڈھلنے کے لیے اوباما کے مخالفین ری پبلکنز کی اکثریت والے ایوان نمائندگان اور پھر خود صدر اوباما کی منظوری درکار ہے۔

ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ بوئیہنر اس بِل پر رائے شماری کرائیں، جو بعض افراد کی رائے میں دنیا کی ان دو بڑی معاشی طاقتوں کے مابین نئی تجارتی جنگ کو جنم دے سکتا ہے۔ یہ بِل ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکہ میں بے روزگاری کے سبب عوام کی بڑی تعداد حکومت کے خلاف سڑکوں پر جاری احتجاجی سلسلے کا حصہ بن رہی ہے۔

100 Yuan Geldschiene China
امریکہ کے علاوہ یورپی ممالک بھی چین پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنی کرنسی کی قدر میں اضافہ کرےتصویر: AP

ڈیموکریٹس کا مؤقف ہے کہ چین جانتے بوجھتے اپنی کرنسی کی قدر کم رکھے ہوئے ہے، جس کی وجہ سے امریکی برآمدات میں کمی، درآمدات میں اضافہ ہوا اور یوں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ بعض ڈیموکریٹس اسے چین کی Cheating کا نام دیتے ہیں۔ آزاد تجارت کے حامی بعض ری پبلکنز بھی چین پر دباؤ بڑھانے کے حامی ہیں۔ اس کے باوجود ری پبلکنز کی اتنی بڑی تعداد اس بِل کی حامی نہیں کہ اسپیکر بوئیہنر کو رائے شماری پر مجبور کرسکیں۔

امریکی صدر اوباما بذات خود اس بل کو عالمی ادارہء تجارت WTO کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں، جس سے ظاہر ہے کہ وہ اسے قانون بنانے کے حق میں نہیں۔ چونکہ اوباما کے حامیوں نے ہی اسے سینٹ میں منظور کیا ہے اسی لیے بہت سے سیاسی مبصرین اسے محض امریکی عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کی ایک سیاسی کوشش کا نام دے رہے ہیں۔

واشنگٹن کافی عرصے سے بیجنگ پر زور دے رہا ہے کہ وہ تجارتی توازن کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کرنسی یوآن کی قدر بڑھائے۔ بیجنگ اس سلسلے میں اصلاحات کی یقین دہانی کراچکا ہے مگر چینی حکومت نے ڈیموکریٹس کے اس بِل پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں