1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر بن گئے

20 جنوری 2017

ری پبلکن ساستدان ڈونلڈ ٹرمپ جمعے کی دوپہر واشنگٹن میں ہونے والی ایک تقریب میں حلف اٹھانے کے بعد امریکا کے پینتالیسویں صدر بن گئے ہیں۔ اس موقع پران کی مخالفت اور حق میں مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2W9R3
USA Amtsübernahme Trump
تصویر: Getty Images/AFP/S. Loeb

ارب پتی کاروباری شخصیت اور ری پبلکن سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے پینتالیسویں صدر کی حیثیت سے آج بیس جنوری کو اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا ہے۔ اُن کی حلف برداری کے ساتھ ہی باراک اوباما بطور امریکی صدر سبکدوش ہو گئے ہیں۔  ٹرمپ سے حلف امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے لیا۔ اندازوں کے مطابق اس تقریب میں شرکت کے لیے تقریباﹰ نوے ہزار افراد نیشنل مال پر موجود تھے۔

 ٹرمپ کے ہزاروں حامی گزشتہ روز ہی واشنگٹن میں پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ اس موقع پر امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کے پلیٹ فارم سے گزشتہ برس ڈیموکریٹک پارٹی کی ہلیری کلنٹن کو شکست دے کر صدر منتخب ہوئے تھے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں صدر باراک اوباما سمیت ان کی حریف امیدوار ہلیری کلنٹن نے بھی شرکت کی۔

USA Amtsübernahme Trump und Obama
ونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں صدر باراک اوباما سمیت ان کی حریف امیدوار ہلیری کلنٹن نے بھی شرکت کیتصویر: Reuters/C. Barria

حق اور مخالفت میں مظاہرے

واشنگٹن میں پولیس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری سے قبل شہر میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ وہاں مظاہرین کی جانب سے  پتھر اؤ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کچھ عمارتوں کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔

تاہم اس موقع پر دنیا کے مختلف ممالک میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کی مخالفت اور حق میں مظاہرے کیے گئے ہیں۔ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں دریائے ٹیمز کے نو مختلف پُلوں پر احتجاج کیا گیا۔ ان مظاہرین نے ایسے بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر ’’پُل تعمیر کرو ناکہ دیواریں‘‘ اور ’’اسلام فوبیا کے خلاف متحد‘‘ ایسے نعرے درج تھے۔

اسی طرح فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں قائم امریکی سفارت خانے کی طرف مارچ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ان مظاہرین نے بھی ٹرمپ مخالف نعرے لگاتے ہوئے ملک سے تمام امریکی فوجیوں کو بے دخل کرنے کا مطالبہ کیا۔

USA Amtsübernahme Trump
اندازوں کے مطابق اس تقریب میں شرکت کے لیے تقریباﹰ نوے ہزار افراد نیشنل مال پر موجود تھےتصویر: Reuters/B. Snyder

اس سے پہلے سری لنکا میں بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں اور مختلف گروپوں نے امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کیا۔ ان افراد نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے ان سابقہ بیانات کی مذمت کی، جو انہوں نے ماحولیات، جنگ اور مہاجرین کے متعلق دے رکھے ہیں۔

لیکن بہت سے گروپوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کا آج خیرمقدم کیا ہے۔ سری لنکا کی بدھ مت تنظیموں نے اخبار کے ایک مکمل صفحے پر مشتمل ڈونلڈ ٹرمپ کا اشتہار دیا ہے، جس میں ان کی عمر درازی کے لیے دعا کی گئی ہے۔

اسی طرح بھارت کی دائیں بازو کی جماعت ’ہندو سینا‘ نے بھی ٹرمپ کی تقریب حلف برداری پر خوشیاں منانے کا اعلان کیا۔ اس جماعت نے ٹرمپ کو ’دنیا کا بادشاہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس دنیا سے اسلامسٹ انتہاپسندوں کا خاتمہ کر دیں گے۔

یورپی ملک ہنگری میں مہاجرین مخالف قوم پرست وزیراعظم وکٹور اوربان نے ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے حوالے سے ایک اسٹریٹ پارٹی کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔