1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زرداری آج برطانیہ پہنچیں گے

3 اگست 2010

پاکستانی صدر آصف زرداری دو روزہ دورہء فرانس کے بعد آج منگل کو اپنے ایک پانچ روزہ دورے پر برطانیہ پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ وزیر اعظم کیمرون کے پاکستان کے بارے میں حالیہ متنازعہ بیان کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے۔

https://p.dw.com/p/Oarw
آصف زرداری نے پیر کو فرانسیسی صدر سارکوزی سے ملاقات کیتصویر: AP

پیرس میں صدرزرداری کےساتھ موجود پاکستانی حکام کےمطابق برطانوی وزیر اعظم کےساتھ ‌آئندہ جمعے کے روز اپنی مجوزہ ملاقات میں پاکستانی صدر ڈیوڈ کیمرون کے بھارت میں ایک سرکاری دورے کے دوران دئے گئے اس حالیہ تنقیدی بیان سے متعلق گفتگو بھی کریں گے، جس میں برطانوی سربراہ حکومت نے کہا تھا کہ پاکستان کو اپنے ہاں سے دہشت گردی کی بیرون ملک برآمد بند کرنا ہو گی۔

پاکستان میں کیمرون کے اسی بیان پر سیاسی اور عوامی حلقوں کی طرف سے ابھی تک کڑی تنقید کی جا رہی ہےاوراسی سلسلےمیں اسلام آباد حکومت نے کل پیر کے روز برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن کو وضاحت کے لئے دفتر خارجہ میں طلب بھی کر لیا تھا۔

David Cameron
اس دورے میں وزیر اعظم کیمرون کے پاکستان کے بارے میں حالیہ متنازعہ بیان پر بھی بات چیت ہوگیتصویر: UNI

پیرس میں پاکستانی صدر کی ان کے فرانسیسی ہم منصب نکولا سارکوزی کے ساتھ پیر کی شام جو ملاقات ہوئی تھی، اس کے بعد آصف زرداری کے ایک ترجمان نے پیرس ہی میں کہا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم کا پاکستان سے دہشت گردی کی مبینہ برآمد کے بارے میں بیان بہت نامناسب تھا۔ اس کے علاوہ اس حقیقت سے بھی، کہ ڈیوڈ کیمرون نے یہ بیان اپنے دورہء بھارت کے دوران دیا، پاکستانی عوام کو بہت ناامیدی ہوئی ہے۔

آصف زرداری کے دفترکےمطابق پاکستانی صدر نے اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں ان پر یہ بھی واضح کر دیا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ چند شخصیات ابھی بھی عسکریت پسندی کے خاتمے کی مسلسل کوششوں کے باوجود اس حوالے سے پاکستان کے پختہ ارادوں کو شک و شبے کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

برطانوی وزیراعظم نےگزشتہ ہفتے بھارت میں اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان کو علاقائی استحکام کے لئے کام کرنے کا دکھاوا کرتے ہوئے خفیہ طور پر طالبان کی عسکریت پسندی کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہئے، کیونکہ اسلام آباد ایک ہی وقت میں دونوں سمتوں میں نہیں دیکھ سکتا۔

منگل کی رات فرانس سے برطانیہ پہنچنےسے قبل پاکستانی صدر فرانسیسی وزیر خارجہ بیرنارڈ کشنر کی طرف سے دی گئی ایک سرکاری ضیافت میں بھی شرکت کر رہے ہیں، جس دوران جنوبی ایشیا کے اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلابوں کے بعد لاکھوں متاثرین کے لئے یورپی یونین کی طرف سے دی جانے والے امداد کے بارے میں بھی بات چیت کی جائے گی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں