1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زرداری عہدہ چھوڑ دو، شہباز شریف

29 اکتوبر 2011

پاکستان کی مرکزی اپوزیشن پارٹی کے حامیوں نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک ریلی کے دوران صدر آصف زرداری سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/131OB
پاکستانی صدر آصف زرداریتصویر: AP

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جمعے کو پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے تیس ہزار سے زائد حامی ایک احتجاجی ریلی میں شریک ہوئے۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کا پُتلا بھی نذرِ آتش کیا۔

ایک پولیس اہلکار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے پر خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے مظاہرین کی تعداد تیس ہزار سے زائد بتائی۔ قبل ازیں اے ایف پی کے ایک نمائندے کا کہنا تھا کہ ریلی کے شرکاء کی تعداد دس ہزار تھی۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ جمعے کو چھوٹی چھوٹی ریلیاں بالآخر ایک بڑے اجتماع میں تبدیل ہو گئیں، جو دو کلومیٹر تک پھیلا ہوا تھا۔

اس اجتماع سے خطاب میں پی ایم ایل (این) کے رہنما اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا: ’’زرداری عہدہ چھوڑ دو اور اپنا پیسہ دے دو ورنہ ہم تمھیں یہیں لٹکا دیں گے۔‘‘

شہباز شریف کے بھائی سابق وزیر اعظم نواز شریف دورہ ترکی کی وجہ سے ریلی میں شریک نہیں ہوئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے بعد ان کی جماعت ملکی سطح پر ریلیاں نکالتے ہوئے زرداری کے خلاف مہم چلائے گی۔

Yousuf Raza Gilani und Shahbaz Sharif Pakistan
شہباز شریف وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ (فائل فوٹو)تصویر: AP

جمعے کی ریلی میں اس پارٹی کے حامیوں نے بدعنوانی اور بجلی کے بحران کی مذمت کی اور بدعنوانی کے الزامات پر زرداری سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے زرداری اور بجلی کے بحران کے خلاف نعرے بازی کی۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح لاہور میں بھی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سامنا رہتا ہے۔ اس شہر کی آبادی اسّی لاکھ ہے اور یوں آبادی کے لحاظ سے یہ پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے۔

اے ایف پی کے مطابق پی ایم ایل (این) نے پنجاب میں قبل ازوقت انتخابات کی باتوں کا فائدہ اٹھانے کے لیے اس ریلی کی کال دی تھی۔ وفاقی سطح پر اپوزیشن میں ہونے کے باوجود اس صوبے کا کنٹرول اسی جماعت کے ہاتھ میں ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل /  اے ایف پی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں