1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زرداری کا برمنگھم جلسہ ہلڑ بازی کی نذر

8 اگست 2010

پاکستانی صدر کا برطانوی دورہ بظاہر کسی اچھے نکتے پر ختم نہیں ہوا ہے۔ برمنگھم کے جلسے کا بہت شور تھا لیکن اطلاعات کے مطابق اس خطاب کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی جبکہ ایک شخص نے زرداری کی طرف اپنے جوتے اچھال دئے۔

https://p.dw.com/p/Oeip
تصویر: AP

صدر پاکستان آصف علی زرداری کا دورہ برطانیہ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ ہفتے کے دن انہوں کا برطانوی شہر برمنگھم میں پارٹی کارکنان کے ساتھ خطاب شیڈیول تھا۔

پروگرام کے مطابق اس دورے کے اختتام پر آصف علی زرداری نے برمنگھم میں ICC کانفرنس سینٹر میں پارٹی اہلکاروں سے خطاب کرنا تھا تاہم ہلڑ بازی اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے وہ اپنا خطاب مکمل نہ کر سکے۔

عینی شاہدین کے مطابق زرداری کو اپنا خطاب اس وقت ادھورا چھوڑنا پڑ گیا، جب سینٹر میں موجود ایک شخص نے آگے بڑھ کر اپنے دونوں جوتے صدر پاکستان کی طرف اچھال دئے تاہم یہ جوتے زرداری کو نہیں لگے۔

Pakistan Asifa Bhutto Zardari und Bilawal Bhutto Zardari
بلاول بھٹو زرداری اور ان کی بہن آصفہ بھٹو زرداریتصویر: Abdul Sabooh

اطلاعات کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے اس شخص کو گرفتار کر لیا اور صدر پاکستان فوری طور پر اسٹیج سے چلے گئے۔ برمنگھم کی پولیس نے کہا ہے کہ صدر پاکستان کی طرف جوتا اچھالے جانے کے واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پاکستانی صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بعد ازاں ملکی میڈیا کو بتایا کہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اس جگہ موجود تھے اور کسی نے بھی صدر کی طرف کوئی بھی چیز نہیں اچھالی،’’ میں سب سے آگے والی قطار میں بیٹھا تھا، میں اعتماد کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ کسی نے بھی کوئی چیز نہیں پھینکی۔‘‘

دوسری طرف وزیر اطلاعات ونشریات قمر زمان کائرہ نے اس حوالے سے کہا کہ اس واقعے کی مکمل طور پر تحقیقات کی جائے گی۔ کائرہ نے اس حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غلط واقعہ تھا اور میڈیا کو اس کی رپورٹنگ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

پاکستان میں شدید سیلاب کے دوران صدر آصف علی زرداری کے دورہ برطانیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری طرف زرداری نے اپنے دورہ برطانیہ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس دوران پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئے ایک بڑی امدادی رقم حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

Präsidentenwahl in Pakistan - Zardari pixel
صدر پاکستان نے اپنے دورہ یورپ کو کامیاب قرار دیا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیر پرسن بلاول بھٹو زرداری نے ایسی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ برمنگھم ریلی کے دوران اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کرنے والے تھے۔ اکیس سالہ بلاول نے کہا :’’ یہ سیاست چمکانے کو وقت نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ فی الحال پاکستان میں سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں