1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زیورچ: گولڈ لیگ ایتھلیٹک مقابلوں میں نیا عالمی ریکارڈ

29 اگست 2009

جمیکا کے ایتھلیٹ یُوسین بولٹ کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے اور اُنہوں نے اٹھائیس اگست کو سوئٹزرلینڈ میں بھی آسانی سے ایک سو میٹر کی دوڑ جیت لی۔

https://p.dw.com/p/JLMI
جمیکا کے ایتھلیٹ یُوسین بولٹتصویر: AP

حال ہی میں برلن میں منعقدہ ورلڈ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ میں ایک سو میٹر کی دوڑ نو اعشاریہ پانچ آٹھ سیکنڈز میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنانے والے بولٹ نے جمعہ کو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورچ میں ورلڈ کلاس گولڈن لیگ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی، یہی فاصلہ نو اعشاریہ آٹھ ایک سیکنڈز میں طے کرتے ہوئے۔

زیورچ میں منعقد ہونے والے مقابلے چھ ملین یورو مالیت کے انعامات کے ساتھ یہ دُنیا کے سب سے زیادہ انعامات والی لائٹ ایتھلیٹکس مقابلے ہیں اور اِنہیں جمعہ کو چھبیس ہزار تماشائیوں نے دیکھا۔

بولٹ کو اب اپنی بجلی جیسی پھرتی کا مظاہرہ کرنے کا موقع چار ستمبر کو برسلز میں ملے گا، جہاں گولڈن لیگ کے سلسلے کے چھٹے اور آخری مقابلے منعقد ہوں گے۔

بولٹ کی فتح اور اِسِن باسیوا کے عالمی ریکارڈ کے ساتھ ساتھ زیورچ میں چار کھلاڑیوں نے سال کی بہترین کارکردگی کا بھی مظاہرہ کیا۔

Jelena Issinbajewa Weltrekord Stabhochsprung
پول والٹ کی روسی کھلاڑی ژیلینا اِسِن باژیواتصویر: AP

برلن کی ورلڈ لائٹ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ میں پول والٹ کی مایہ ناز روسی کھلاڑی یلینا اِسِن باژیوا کی آنکھوں میں آنسو تھے اور ایک دُنیا حیران تھی کہ اِس ورلڈ اور اولمپک چیمپئن کو ہوا کیا ہےکہ وہ تینوں کوششوں میں ناکام ہو گئی اور سونے کا تمغہ پولینڈ سے تعلق رکھنے والی اُس کی حریف کھلاڑی آنا روگووسکا کو مل گیا۔ جمعہ کو زیورچ میں یلینا اِسِن باژیوا کے چہرے پر مسکراہٹیں تھیں کیونکہ اُس نے پانچ اعشاریہ صفر چھ میٹر اونچا جمپ لگا کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اِس طرح اُنہوں نے گذشتہ برس بیجنگ اولمپکس میں اپنے ہی قائم کردہ ریکارڈ کو ایک سینٹی میٹر بہتر بنایا۔

27 سالہ اِسِن باژیوا کا یہ اب تک ستائیس واں عالمی ریکارڈ تھا، جو اُن کے لئے کافی حد تک غیر متوقع بھی تھا۔ اُن کا کہنا تھا، وہ حالیہ تجربے سے یہ سیکھی ہیں کہ عالمی ریکارڈ بنانے کے بجائے صرف مقابلے اور اُس میں فتح پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ برلن میں جو کچھ ناکامی اُنہیں اُٹھانا پڑی، اِس عالمی ریکارڈ سے اُس کی تلافی ہو گئی ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل