1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابقہ امریکی خاتون اول بَیٹی فورڈ انتقال کر گئیں

9 جولائی 2011

سابق امریکی صدر جیرالڈ فورڈ کی بیوہ بَیٹی فورڈ 93 برس کی عمر میں ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں انتقال کر گئی ہیں۔ وہ سن 2006 میں اپنے شوہر جیرالڈ فورڈ کے انتقال کے بعد سے کیلیفورنیا میں رہائش پذیر تھیں۔

https://p.dw.com/p/11s2t
جیرالڈ فورڈ صدارتی اتنخابات میں جمی کارٹر کے ہاتھوں شکست کا اعتراف کرتے ہوئے، بیٹی فورڈ اپنے شوہر کے پیچھے، دائیں جانب سے دوسریتصویر: AP

لاس اینجلس سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ فورڈ خاندان کے ارکان کے مطابق بَیٹی فورڈ کا انتقال جمعے کی شام ان کی رہائش گاہ پر ہوا، جہاں ان کے قریبی اہل خانہ بھی ان کے پاس موجود تھے۔

اس سابقہ خاتون اول نے امریکہ میں سماجی طور پر جو بڑی خدمات انجام دیں، ان میں خواتین میں چھاتی کے سرطان کے خلاف ان کی کامیاب مہم اور بَیٹی فورڈ سینٹر کے علاوہ کیلیفورنیا میں قائم وہ مرکز خاص طور پر قابل ذکر ہے، جہاں نشے کے عادی افراد کی اس عادت سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد کی جاتی ہے۔

Betty Ford اپریل سن 1918 میں شکاگو میں پیدا ہوئی تھیں اور اپنے پہلے شوہر سے طلاق لینے کے بعد انہوں نے جیرالڈ فورڈ سے شادی 15 اکتوبر 1948 کے روز کی تھی، جس کے محض دو ہفتے بعد، آنے والے برسوں میں امریکہ میں صدر کے عہدے تک پہنچنے والے جیرالڈ فورڈ پہلی مرتبہ کانگریس کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

بَیٹی اور جیرالڈ فورڈ قریب تین عشروں تک واشنگٹن میں رہتے رہے تھے اور پھر دسمبر سن 2006 میں اپنے شوہر کے انتقال کے بعد بَیٹی مستقل طور پر کیلیفورنیا منتقل ہو گئی تھیں۔

امریکہ میں اس سابقہ ‌خاتون اول کو ذاتی زندگی میں بڑی حوصلہ مند اور پختہ ارادے کی مالک خاتون سمجھا جاتا تھا۔ اپنی ذاتی زندگی میں وہ خود بھی شراب نوشی کی عادت کے علاوہ چھاتی کے کینسر کا شکار بھی رہی تھیں۔ تاہم انہوں نے ان دونوں بڑے مسائل کا نہ صرف کامیابی سے مقابلہ کیا بلکہ ایسے ہی مسائل کی شکار دیگر امریکی ‌خواتین کی مدد کے لیے ایسی کامیاب کوششیں بھی کیں، جو اب بہت مشہور اداروں کا روپ دھار چکی ہیں۔

بَیٹی فورڈ کے شوہر اور واٹر گیٹ اسکینڈل کے نتیجے میں رچرڈ نکسن کے مستعفی ہونے کے بعد امریکہ کے صدر بننے والے جیرالڈ فورڈ کا انتقال بھی 93 برس کی عمر میں ہوا تھا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں