1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سارکوزی کا دورہ بھارت، جوہری معاہدے پر دستخط

6 دسمبر 2010

فرانسیسی صدر نکولاسارکوزی کی نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کے بعد دونوں ممالک نے 9.3 بلین ڈالر کے ایک جوہری معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے مطابق فرانس بھارت کو دو جوہری ری ایکٹرز فراہم کرے گا۔

https://p.dw.com/p/QQkW
فرانسیسی صدر اور بھارتی وزیر اعظمتصویر: picture alliance / dpa

بھارت نے فرانس کی ریاستی نیوکلیئر کمپنی آریوا (Areva) کے ساتھ دو نئے جوہری ری ایکٹروں کی خرید کے لیے ایک فریم ورک ایگریمنٹ کیا ہے۔ یہ دونوں ری ایکٹر بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹرا کے علاقے جیٹاپور میں ایک نئے پلانٹ میں نصب کیے جائیں گے۔

فرانسیسی صدر کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے بتایا، ’’بھارتی انڈسٹری کے تعاون سے جیٹا پور میں ایک نئے جوہری پاور پلانٹ کی تیاری کے لیے آریوا کے ساتھ مذاکرات اہم موڑ پر پہنچ گئے ہیں۔‘‘

Indien Frankreich Raumfahrt Präsident Nicolas Sarkozy in Bangalore
سارکوزی بنگلور میںتصویر: AP

گوکہ ان ری ایکٹروں کی بھارت کو فراہمی کے لیے فروخت کا حتمی معاہدہ ابھی ہونا باقی ہے تاہم یہ بات طے ہے کہ فرانس بھارت کو جوہری ٹیکنالوجی فروخت کرنے کی دوڑ میں اپنے حریفوں امریکہ اور جاپان سے آگے نکل گیا ہے۔

بھارت نئے جوہری پاور پلانٹس کی تعمیر کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ روس بھی بھارتی ریاست تامل ناڈو میں دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر میں مصروف ہے۔

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی آج کل بھارت کے چار روزہ دورے پر ہیں۔ اپنے میزبان کے عالمی منظر نامے پر بڑھتے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے فرانسیسی صدر کی خواہش ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کریں۔

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور امریکی صدر باراک اوباما بھی ماضی قریب میں کیے جانے والے بھارت کے اپنے دوروں میں اسی قسم کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ بھارت کی ترقی کرتی معیشت اور ایک ارب سے زائد آبادی مغربی ملکوں کے لیے تجارتی حوالے سے بہت کشش رکھتی ہیں۔

Sarkozy Bruni Indien 2010
سارکوزی اور ان کی اہلیہ مسلم مقامات کی سیاحت پرتصویر: AP

دورہ بھارت کے دوران نکولا سارکوزی کے وفد میں چھ وزراء اور قریب 70 کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیدار ان کے ہمراہ ہیں۔ ان تجارتی عہدیداروں میں جہاز ساز ادارے Dassault Aviation اور دفاعی ساز وسامان تیار کرنے والے ادارے EADS کے سربراہان بھی شامل ہیں۔ فرانس اسلحہ کی خریداری کی بھارتی خواہش کے پیشِ نظر اس میدان میں بھی اپنا حصہ حاصل کرنے کا خواہاں ہے تاہم پیر کے روز اس سلسلے میں کسی معاہدے پر دستخط نہیں ہوئے۔

پیر کے روز ہونے والے دیگر معاہدوں میں خلائی ٹیکنالوجی کے علاوہ آرٹس اور کلچر کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کے منصوبوں پر دستخط کیے گئے۔

حال ہی میں جی ٹونٹی گروپ کی سربراہی سنبھالنے والے نکولا سارکوزی نے دورہ بھارت کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل نشست کے حصول کے لیے فرانس کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بھارتی خارجہ پالیسی کے اس اہم ٹارگٹ کے حوالے سے سارکوزی نے تجویز پیش کی کہ سلامتی کونسل میں بھارت کی عارضی نشست کو سال 2012ء میں مستقل کیا جا سکتا ہے۔

فرانسیسی صدر دفتر کے مطابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نکولا سارکوزی کے مجوزہ جی ٹونٹی پروگرام پر ان کی حمایت کریں گے۔ اس پروگرام میں عالمی مالیاتی نظام کی تشکیل نو اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں استحکام کے معاملات شامل ہیں۔

فرانسیسی صدر اور ان کی بیوی کارلا برونی، جوکہ ایک سابق ماڈل اور سنگر ہیں، ہفتہ کے روز بھارت پہنچے تھے۔ ہفتہ کے روز انہوں نے آگرہ میں تاج محل کی سیر کی جبکہ اتوار کو انہوں نے تاریخی شہر فتح پور سیکری کی سیاحت میں دن گزارا۔ فرانسیسی صدر دورہ بھارت کا آخری دن یعنی منگل ممبئی میں گزاریں گے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: امجدعلی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں