1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سام سانگ اسمارٹ فون کی وجہ سے جہاز خالی کرا لیا گیا

6 اکتوبر 2016

سام سنگ کمپنی کے ایک اسمارٹ فون کے گرم ہونے اور اس سے دھواں نکلنے کے باعث ساؤتھ ویسٹ ایئرلائن کے ایک مسافر جہاز کو خالی کرا لیا گیا۔ یہ واقعہ امریکا کے لوئی وِل ایئرپورٹ پر بدھ کے روز پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/2QxTN
USA Flugzeug der Southwest Airlines Flughafen Atlanta
تصویر: picture-alliance/dpa/E.S. Lesser

اس واقعے کے بعد سام سنگ کے اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ سیون کی خرابی سے متعلق تحفظات ایک مرتبہ پھر بڑھ گئے ہیں۔ بیٹریوں کے ضرورت سے زیادہ گرم ہوجانے کے مسئلے کے باعث اس اسمارٹ فون کو واپس طلب کر لیا گیا تھا۔

جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ، ساؤتھ ویسٹ ایئرلائن یا امریکی فیڈرل ایوی ایشن سیفٹی کے حکام کی طرف سے یہ تفصیل نہیں بتائی گئی کہ سام سنگ کمپنی کا وہ کون سے ماڈل کا فون تھا جو اس پریشانی کی وجہ بنا۔ ان کی طرف سے میڈیا کو صرف یہی بتایا گیا کہ اس بارے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تاہم انڈیانا سے تعلق رکھنے والی خاتون سارہ گرین نے لوئی وِل کے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ یہ ان کے خاوند کا گلیکسی نوٹ سیون تھا جس میں سے آوازیں آنے لگیں اور اس میں سے دھواں نکلنے لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا اُس وقت ہوا جب ان کے شوہر نے فون کو پرواز سے قبل بند کیا۔

Samsung Galaxy Note 7
گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹری میں مسائل کی 92 مختلف رپورٹس کے بعد سام سنگ کمپنی نے اس ماڈل کے تمام ٹیلی فون سیٹ واپس منگوانے کا فیصلہ کیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/J. Mattar

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پر یس کے مطابق گرین نے اخبار کو بتایا کہ ان کے شوہر برائن کو واپس منگوائے گئے گلیکسی نوٹ سیون کی جگہ یہ فون دو ہفتے قبل ہی ملا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اُن کے شوہر نے انہیں یہ تفصیل کسی اور کے فون سے کال کر کے بتائی۔

گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹری میں مسائل کی 92 مختلف رپورٹس کے بعد سام سنگ کمپنی نے اس ماڈل کے تمام ٹیلی فون سیٹ واپس منگوانے کا فیصلہ کیا تھا۔ امریکا ہی سے ملنے والی ان رپورٹس میں سے 26 میں جلنے جبکہ 55 میں پراپرٹی کو نقصان کو رپورٹ کیا گیا۔ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی طرف سے غیر معمولی طور پر مسافروں کو متنبہ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا کہ وہ پرواز کے دوران گلیکسی نوٹ سیون کو استعمال یا چارج نہ کریں اور نہ ہی دستی سامان میں اسے رکھیں۔