1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سام سنگ کے خلاف ایپل کی ایک بڑی کامیابی

10 اگست 2011

امریکی ادارے ایپل نے دُنیا کے مختلف ملکوں میں سام سنگ کے خلاف اس الزام میں مقدمات قائم کر رکھے ہیں کہ یہ جنوبی کوریائی ادارہ اُس کی مصنوعات کی ہو بہو نقول تیار کر کے فروخت کر رہا ہے۔ اب اپیل کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔

https://p.dw.com/p/12DxF
ایپل اور سام سنگ کی مصنوعات
ایپل اور سام سنگ کی مصنوعاتتصویر: picture alliance/dpa

جرمن شہر ڈسلڈورف کی ایک عدالت نے عبوری عرصے کے لیے سام سنگ کو اپنا ٹیبلٹ کمپیوٹر گلیکسی ٹیب 10.1 ہالینڈ کے سوا یورپی یونین کے دیگر رکن ملکوں میں فروخت کرنے سے منع کر دیا ہے۔ ایپل نے اِس فیصلے کی، جو کہ اُس کے لیے ایک بڑی فتح کے مترادف ہے، تصدیق کر دی ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ہالینڈ کو اس فیصلے سے مستثنیٰ کیوں قرار دیا گیا ہے۔

اس عدالتی فیصلے سے ایک ہی ہفتہ قبل سام سنگ کو اپنے خلاف اسی طرح کی قانونی چارہ جوئی کے باعث آسٹریلیا میں اس ٹیبلٹ کے اجراء میں تاخیر پر مجبور ہونا پڑا تھا۔

سام سنگ کا گلیکسی ٹیبلٹ کمپیوٹر
سام سنگ کا گلیکسی ٹیبلٹ کمپیوٹرتصویر: AP

ایپل کا موقف یہ ہے کہ سام سنگ کے گلیکسی ماڈل کے موبائل فونز اور ٹیبلٹ کمپیوٹر ایپل کی اسی طرح کی مصنوعات آئی فون اور آئی پیڈ کی ہو بہو نقل ہیں۔ جواب میں سام سنگ نے بھی، جس کے ٹیبلٹ کمپیوٹرز میں گوگل کا اینڈرائیڈ سافٹ ویئر استعمال کیا گیا ہے، ایپل کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے۔

سیول میں شِن ینگ سکیورٹیز کے ایک تجزیہ کار لی سیونگ وُو نے کہا:’’اس میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے کہ یہ عدالتی فیصلہ سام سنگ پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔ سام سنگ کئی شعبوں میں ایپل کے ساتھ مقابلہ بازی کر رہا ہے۔ اس طرح کے فیصلوں سے مصنوعات کی فروخت میں عارضی کمی ہو سکتی ہے اور قانونی چارہ جوئی سے نمٹنے کی وجہ سے اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔‘‘

جرمن عدالت کا فیصلہ ایپل کے لیے ایک بڑی فتح ہے
جرمن عدالت کا فیصلہ ایپل کے لیے ایک بڑی فتح ہےتصویر: picture-alliance/dpa

گزشتہ برس سام سنگ کی آمدنی 142 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ اس ادارے کو اپنی آمدنی کا تیس فیصد موبائل فونز اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی فروخت سے حاصل ہوتا ہے جبکہ باقی کی ساری آمدنی میموری چِپس اور ٹیلی وژن آلات کی فروخت سے آتی ہے۔

جہاں ایپل نے اس سال کی پہلی ششماہی میں 14 ملین آئی پیڈز فروخت کیے، وہاں سام سنگ کا ٹیبلٹ کمپیوٹر 7.5 ملین کی تعداد میں فروخت ہونے کی توقع ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں