1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سربیا اور کوسووو کے درمیان بات چیت کا آغاز

9 مارچ 2011

منگل کے روز سربیا اور کوسووو کے درمیان مذاکرات کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ تین برس قبل کوسووو کی آزادی کے بعد یہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے براہِ راست مذاکرات ہیں۔

https://p.dw.com/p/10Vc4
کوسووو کی آزادی کے بعد سربیا اور کوسووو کے درمیان یہ پہلے بالواسطہ مذاکرات ہیںتصویر: AP

تین برس پہلےآزادی کا اعلان کرنے سے قبل دس برس تک کوسووو اقوامِ متحدہ کے زیرِ انتظام رہا تھا۔ انیس سو نوّے کی دہائی میں سربیا اور کوسووو کے درمیان جنگی صورتِ حال اور قتلِ عام کے بعد اقوامِ متحدہ نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

برسلز میں ہوئے ان مذاکرات کے بارے میں یورپی یونین کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات دوستانہ اور کھلے ماحول میں ہوئے۔ کوسووو اور سربیا کے درمیان یہ بات چیت یورپی یونین اور امریکہ کی حمایت سے ہو رہی ہے اور یہ مذاکرات بدھ کے روز بھی جاری رہیں گے۔

Kosovo Beerdigung
انیس سو اٹھانوے کی جنگ میں سربیائی افواج کے ہاتھوں بڑی تعداد میں کوسوو کے شہری ہلاک ہو ئے تھےتصویر: dpa

یورپی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں فریقین نے کھل کر بات چیت کی اور کسی بھی تنازعے پر تبادلہِ خیال کرنے سے اجتناب نہیں کیا۔

سربیا کے مذاکرات کار بورکو اسٹیفانووچ نے مذاکرات سے قبل پر جوش اندار میں کہا کہ انہیں ان مذاکرات سے خاصی امیدیں ہیں لیکن وہ کسی معجزے کی توقع نہیں کر رہے۔

تاہم یورپی یونین کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ابتدا میں سہل معاملات پر بات چیت کی جا رہی ہے، جیسے کہ سرحدی حدود، شناختی کارڈز، موبائل فون نیٹ ورکس وغیرہ۔ ان مذاکرات میں کوسووو اور سربیا کی جنگ اور اس سے متعلق معافی اور دیگر معاملات زیرِ غور نہیں ہیں۔

Catrin Ashton in Sarajevo
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہےتصویر: EU Sarajevo

انیس سو ننانوے سے دونوں علاقوں کے درمیان ریل کا سفر منقطع ہے اور سربیا کی فضائی حدود سے کوسووو جانے پر پابندی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ ان مذاکرت کے ذریعے اس طرح کے تنازعات حل کر لیے جائیں گے۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا مقصد پرسٹینا اور بلغراد کو یورپی یونین کے قریب لانا بھی ہے، اور یہ کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنا ایک آزمودہ یورپی طریقہِ کار ہے۔

ماہرین کے مطابق جہاں کوسووو اور سربیا کے درمیان مذاکرات دونوں ممالک کو یورپی یونین کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں وہیں سربیا کی یورپی یونین میں شمولیت کے امکانات بھی اس باعث بہتر ہو گئے ہیں۔ دیگر شرائط کے علاوہ یورپی یونین میں شمولیت کے لیے سربیا کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ کوسووو کے ساتھ اپنے تعلقات میں بہتری لائے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی