1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سربیا کی گن امریکا سے ہوتی ہوئی پیرس حملوں تک

کشور مصطفیٰ11 دسمبر 2015

پیرس کے حملوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں میں ایک ایسی بندوق بھی شامل تھی جو 2013ء میں سربیا سے امریکا برآمد کی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/1HLmn
تصویر: Reuters

اس بارے میں سربیا کی اسلحہ ساز فیکٹری ’زاستاوا‘ کے سربراہ میلوکو برزاکووچ نے خبر رساں ایجنسی ایسو سی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ M92 طرز کی نیم خود کار پستول کا سیرل نمبر اُس بندوق کے ساتھ میچ کرتا ہے جو اس کمپنی نے مئی 2013 ء میں ایک امریکی آن لائن اسلحہ ڈیلر کے سُپرد کی تھی۔ یہ امر تاہم ابھی واضح نہیں ہوا ہے کہ یہ بندوق واپس یورپ کیسے پہنچی۔

پیرس میں 13 نومبر کو 130 افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والے حملوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں میں کم از کم سات ایسے ہتھیار بھی شامل تھے جن کی چھان بین سے پتا چلا ہے کہ وہ وسطی سربیا کے علاقے کراگوواک میں قائم اسلحہ فیکٹری میں تیار کیے گئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر سابق یوگوسلاویا کی 1990ء میں ہونے والی خانہ جنگی کے دور میں تیار کیے گئے تھے اور یہ سوویت AK/47 یا کلاشنکوف کے جدید ورژن یا تبدیل شُدہ شکل میں ہیں۔

Serbien Zastava Waffenfabrik in Kragujevac
سربیا کی اسلحہ ساز فیکٹری ’زاستاوا‘تصویر: Reuters

سربیا کی اسلحہ ساز فیکٹری ’زاستاوا‘ کے سربراہ میلوکو برزاکووچ کا کہنا ہے کہ تمام بندوقیں قانونی طر پر ڈیلور کی گئی تھیں تاہم ممکن ہے کہ بعد میں یہ غیر قانونی کاروبار میں استعمال ہونے لگی ہوں۔ برزاکووچ نے بتایا کہ ایک بندوق 1983ء میں بوسنیا، ایک1987ء میں مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیے، ایک 1988ء میں کروشیا کے علاقے گلوبیچی اور ایک بندوق 1987ء میں کروشیا کے دارالحکومت زغرب میں ڈیلور کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پستول M92 ایک نیم خود کار ہتھیار ہے جو عموماً شکار کے لیے اور اسپورٹس میں استعمال ہوتی ہے۔ اس پستول سے بیرج فائر نہیں کیا جا سکتا یہ محض سنگل شاٹس کے لیے استعمال کی جاتی ہے جس کی امریکا میں قانونی طور پر اجازت ہے۔

میلوکو برزاکووچ کے مطابق یہ ہتھیار امریکی ریاست فلوریڈا میں قائم آتشیں ہتھیار درآمد اور تیار کرنے والے آن لائن سیلر ’’سینچری انٹرنیشنل آرمز‘‘ کو ایکسپورٹ کیا گیا تھا۔ س ادارے کو سربیا کی اسلحہ ساز فیکٹری ہر سال 25 ہزار ایسی گنز برآمد کرتی ہے جو شکار اور اسپورٹس ہتھیار کے طور پر استعمال کی جاتی ہیں۔ میلوکو برزاکووچ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک نیم خود کار بندوق کے طور پر اس ہتھیار کو ایکسپورٹ کیا تھا تاہم انہیں نہیں معلوم کہ بعد میں کسی نے اسے بطور خود کار ہتھیار استعمال کیا یا نہیں۔

USA Smith & Wesson Pistole
امریکا میں چھوٹے ہتھیاروں کو اپنی تحویل میں رکھنا غیر قانونی نہیں ہےتصویر: picture-alliance/dpa/D. Karmann

امریکا میں ہتھیاروں کا کاروبار کرنے والے ڈیلرز ایک چھوٹے کلاشنکوف کو قریب 460 ڈالر میں فروخت کرتے ہیں۔ دسمبر 2013 ء میں ’’سینچری انٹرنیشنل آرمز‘‘ نے AK طرز کی پستول PAP M92 کی فروخت کا اشتہار جاری کیا تھا۔ یہ سربیا کی اسلحہ ساز فیکٹری ’زاستاوا‘ میں تیار کی جانے والے بالکل نئے فائر آرمز یا آتشیں ہتھیار تھے۔ جس کی صفات کی باقاعدہ نمائش اس اشتہار کے ذریعے کی گئی تھی۔

خبر رساں ادارے اے پی نے سربیا میں تیار ہونے والی گن کے پیرس حملوں میں استعمال کے بارے میں انکشاف کے بعد اس خبر کو سینچری آرمز، ایف بی آئی اور دیگر امریکی سرکاری ایجنسیوں مثال کے طور پر الکوحل، تمباکو اور آتشیں اسلحہ جات اور دھماکہ خیز مواد کے استعمال پر نظر رکھنے والے اداروں کے گوش گُزار کرا دیا ہے۔