1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سرت کے ایئرپورٹ پر قذافی مخالف فورسز کا قبضہ

30 ستمبر 2011

لیبیا کی قومی عبوری کونسل نے معمر قذافی کے آبائی شہر سرت کے ایئرپورٹ پر قبضے کا اعلان کیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ قذافی کے ترجمان موسیٰ ابراہیم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12jQ8
تصویر: dapd

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے قذافی کے ترجمان موسیٰ ابراہیم کی گرفتاری کی خبر عرب ذرائع ابلاغ کے حوالے سے دی ہے۔ العریبیہ ٹیلی وژن نے عبوری کونسل کے ایک ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابراہیم کو سرت کے قریب پکڑا گیا۔ اس علاقے میں قومی عبوری کونسل کی فورسز قذافی کے حامیوں سے گزشتہ تین ہفتے سے لڑ رہی ہیں۔

قذافی مخالف فورس کے کمانڈر محمد الماریمی کا کہنا ہے کہ ابراہیم گرفتاری کے وقت عورتوں کے لباس میں ملبوس تھے۔

گزشتہ ہفتے موسیٰ ابراہیم نے آڈیو پیغام میں قذافی نواز فورسز پر زور دیا تھا کہ وہ ’غداروں‘ کے خلاف لڑائی جاری رکھیں۔ ان کا یہ پیغام شام میں قذافی نواز ایک چینل سے نشر کیا گیا تھا۔

ابراہیم لیبیا میں تنازعے کے دوران قذافی کے ترجمان رہے ہیں۔ وہ اگست میں طرابلس پر قذافی مخالف فورسز کی چڑھائی کے بعد فرار ہو گئے تھے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق قومی عبوری کونسل کی فورسز نے قذافی کے آبائی شہر سرت کے ایئرپورٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ سرت لیبیا کے ان دو علاقوں میں سے ایک ہے، جہاں قذافی نواز فورسز تاحال کنٹرول سنبھالے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ معمر قذافی کے ٹھکانے کا تاحال پتہ نہیں چلا، تاہم ان کے خاندان کے متعدد افراد لیبیا چھوڑ چکے ہیں۔ ان کا بیٹا سعدی نائجر میں ہے۔ انٹرپول ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر چکا ہے لیکن نائجر حکام کا کہنا ہے کہ انہیں کسی کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔

Flash-Galerie Libyen 40 Jahre mit Muammar al Gaddafi 1990
معمر قذافی مفرور ہیںتصویر: AP

دورہ فرانس کے موقع پر نائجر کے وزیر اعظم Brigi Rafini نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سےبات چیت میں کہا کہ سعدی قذافی محفوظ ہیں اور نائجر حکومت کے ہاتھوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’اس وقت انہیں لیبیا کے حوالے کیے جانے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ سعدی قذافی کو لیبیا میں انصاف نہیں ملے گا۔

انٹرپول کے مطابق سعدی قذافی پر الزام ہے کہ انہوں نے لیبیا کی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ کی حیثیت سے طاقت کے ذریعے جائیدادوں کا غلط استعمال کیا۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں