1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سردار اکبر بگٹی کی ہلاکت کے بعد بلوچستان میں ہنگامے

27 اگست 2006

پاکستان میں ممتاز بلوچ قوم پرست رہنما نواب اکبر بگٹی کل 26 اگست ہفتے کے روز ایک بڑے فوجی آپریشن کے دوران ہلاک ہو گئے۔ اِس آپریشن کے دوران 79 سالہ اکبر بگٹی کے کئی ایک حامی بھی مارے گئے۔ اِس واقعے کے بعد بلوچستان صوبے میں ہنگامے شروع ہو گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد اور کراچی میں بھی سیکیورٹی فورسز کو چوکنا کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/DYK3
پاکستانی فوج کے سپاہی کوئٹہ میں۔ فائل فوٹو
پاکستانی فوج کے سپاہی کوئٹہ میں۔ فائل فوٹوتصویر: AP

کوئٹہ میں 20 بسیں نذرِ آتِش کر دی گئیں اور سرکاری عمارات پر بھی حملے کئے گئے۔ مظاہرین نے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان بڑی رابطہ شاہراہ کی ناکہ بندی کئے رکھی۔

نواب اکبر بگٹی تیل اور گیس کی دولت سے مالا مال پاکستانی صوبے بلوچستان میں ایک علٰیحدگی پسند تحریک کی قیادت کر رہے تھے۔

اپنے فوجی آپریشن کے دوران پاکستانی فوج نے ایک غار کو حملے کا نشانہ بنایا، جس کے اندر بگٹی اپنے جنگجو ساتھیوں کے ہمراہ چھپے ہوئے تھے۔ حملے کے دوران اِس پناہ گاہ کی چھت بیٹھ گئی۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بگٹی اور اُن کے تقریباً 60 ساتھی مارے گئے۔ مرنے والوں میں اکبر بگٹی کے دو پوتے بھی شامل ہیں۔