1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا:جنگ زدہ علاقے سے ہزارہا افراد کو نکال لیا گیا

20 اپریل 2009

شمالی سری لنکا کے جنگ زدہ علاقے میں پھنسے ہوئے ہزاروں افراد میں سے تقریبا 35000کو وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔ اسی دوران سری لنکا کی فوج نے تامل ٹائیگرز کو ہتھیار ڈالنے کے لئے 24 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Haoz
تامل علاقوں سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کے بچے عارضی کیمپ میں اپنے لئے خوراک کے حصول کے لئے قطار بنائےتصویر: AP

سری لنکا میں علیحدگی پسندوں کی جانب سے ربع صدی سے جاری جنگ اب شمال میں بہت مختصر سی ساحلی پٹی تک محدود ہو گئی ہے۔ ہزاروں شہریوں کو متاثرہ علاقے سے بحفاظت نکال لینے کے دعووں کے جواب میں فی الحال لبریشن ٹائیگرز کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

تامل ٹائیگرز کی جانب سے دو عشروں سے زائد عرصے سےجاری رہنے والی لڑائی اب صرف 17 مربع کلومیٹر رقبے والے جنگ زدہ علاقے میں سمٹ چکی ہے۔ سری لنکا کے فوجی ترجمان نے لبریشن ٹائیگرز آف تامل ایلام LTTE کے بانی ویلوپلائی پربھاکرن کو خبردار کرتے ہوئے ہتھیار نہ ڈالنے کی صورت میں حتمی فوجی آپریشن کارروائی سے قبل 24 گھنٹوں کی جو ڈیڈ لائن دی ہے اس کے بعد ’’باقی ماندہ علاقے پر بھی قبضہ کر لیا جائے گا‘‘۔

سری لنکا کے ملٹری میڈیا سینٹر کے ڈائریکٹر Lakshman Hulugalle نے کولمبو میں صحافیوں کو بتایا کہ پیر کے روز 30 ہزار تک افراد جنگ زدہ علاقے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی حتمی تعداد کے بارے میں فی الحال کچھ یقین سے نہیں کہا جا سکتا۔

کولمبو میں صحافیوں کو سری لنکن فوج کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ ویڈیو میں ہزاروں افراد جنگ زدہ علاقے سے باہر آتے دکھائے گئے ہیں۔ جہاں عارضی فوجی چوکیوں پر ان کی تلاشی کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔ لکشمن ہولوگالے کا کہنا تھا کہ ویڈیومیں یہ لمبی قطاریں ان افراد کی ہیں جو ان چیک پوسٹوں سے تلاشی کے بعد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا چاہتے تھے۔

ملٹری میڈیا سینٹر کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ تلاشی کا یہ عمل تامل ٹائیگرز کی جانب سے ممکنہ خودکش حملوں کے تدارک کے پیش نظر کیا گیا۔

دریں اثناء ایک فوجی چیک پوسٹ پر تین افراد نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ ان خودکش حملوں میں کم از کم سترہ افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔ واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے سری لنکا کی فوج کے ترجمان نانایکارا اودایا نے کہا :’’ کچھ شہری جمع ہوئے اور انہون نے اپنے آپ کو بم سے اڑا دیا۔ ابتدائی اطلاعات ہیں کہ تین خودکش حملے ہوئے جن میں سترہ افراد ہلاک جب کہ دو سو زخمی ہو گئے۔‘‘