1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا کے خلاف انگلینڈ کی جیت

26 ستمبر 2009

ہوم سیریز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں زبردست شکست کے بعد انگلینڈ نے چیمپیئنز ٹرافی میں سری لنکا کے خلاف چھہ وکٹوں سے فتح حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں شاندار شروعات کی۔

https://p.dw.com/p/JpNA
انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر براڈ نےسری لنکا کے خلاف میچ میں تین وکٹیں حاصل کیںتصویر: AP

انگلینڈ نے 213 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا۔ انگلینڈ کی طرف سے پال کولنگ ووڈ نے 46، اویس شاہ نے 44 جبکہ نوجوان بیٹسمین مارگن نے شاندار نصف سنچری بنائی اور وہ آخر تک ناٹ آوٴٹ رہے۔ پال کالنگ ووڈ اپنی جارحانہ بیٹنگ اور نپی تلی بولنگ کے لئے مین آف دی میچ قرار پائے۔

سری لنکا نے جس انداز میں جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار بیٹنگ کی تھی وہ انگلینڈ کے خلاف ممکن نہیں ہو سکا۔ محض سترہ رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی ٹیم 212 رنز پر آل آوٴٹ ہوگئی۔ سری لنکا کی جانب سے کاندامبی اور میتھیوز نے نصف سنچریاں بنائی۔ انگلینڈ کی جانب سے تیز بولر اینڈرسن اور براڈ نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کے مشہورِ زمانہ آف اسپنر مُرلی دھرن کے دس اوورز میں انگلش بلے بازوں نے 60رنز بنائے۔

Sri Lanka Sport Cricket Cricketspieler Muttiah Muralitharan
مرلی دھرن کے دس اوورز میں ساٹھ رنز بنےتصویر: AP

شروع میں ایسا محسوس ہورہا تھا کہ مشکل پچ پر انگلینڈ کے لئے یہ ٹارگیٹ مشکل ثابت ہوگا لیکن کولنگ ووڈ، اویس شاہ اور مورگن کی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی سے انگلینڈ کی ٹیم ہدف تک آسانی سے پہنچنے میں کامیاب رہی۔

انگلینڈ کے دونوں اوپنرز اُنیس کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے تھے، جس میں کپتان اینڈریو اسٹراس بھی شامل تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر ٹارگٹ پیناتلیس اوورز میں ہی مکمل کر لیا۔

گروپ بی میں نیوزی لینڈ ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے اگلے دونوں ہی میچوں میں انتہائی غیر معمُولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ جنوبی افریقہ اور سری لنکا نے دو دو میچ کھیل کر دو دو پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کو ایک ایک میچ میں شکست ہوئی ہے۔ انگلینڈ ٹیم نے ایک میچ کھیل کر دو پوائنٹ حاصل کر لئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کو ابھی کوئی پوائنٹ حاصل نہیں ہوسکا ہے۔

رپورٹ :گوہر نذیرگیلانی

ادارت: عابد حسین