1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکن وار کمیشن کی رپورٹ

20 نومبر 2011

تامل باغیوں کی تحریک فوجی آپریشن کے ذریعے پوری طرح پر کرش کی جا چکی ہے۔ اس آپریشن کے دوران ہونے والی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور ممکنہ جنگی جرائم کی مناسبت سے راجا پاکسے حکومت کو بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/13Dv8
تصویر: AP

تامل تحریک کو کرش کرنے کے لیے جاری رکھے گئے ملٹری ایکشن کے دوران رونما ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے انٹرنیشنل کرائسس گروپ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ جیسی اہم تنظیموں نے اپنی سی کوششیں کیں۔ اقوام متحدہ سمیت کئی مغربی ملکوں کی جانب سے بھی ان خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی آزاد تفتیش کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ اسی برس کے اوائل میں اقوام متحدہ کی جانب سے مقرر کردہ پینل نے بھی واضح کیا تھا کہ اس نے قابل اعتبار شواہد جمع کیے ہیں اور تامل مسلح تحریک کو کچلنے کے دوران ہزاروں سویلین افراد کی ہلاکتوں اور جنگی جرائم کا ارتکاب کیا گیا ہے۔

Flüchtlingslager in Sri Lanka PANO
تامل باشندے اپنے ملک میں قائم مہاجر کیمپ میںتصویر: AP

سری لنکا کے صدر کی جانب سے ایسی خلاف ورزیوں کی تفتیش اور سفارشات کے لیے قائم کردہ کمیشن کا نام LLRC یعنی Lessons Learned and Reconciliation Commission رکھا گیا۔ اس آٹھ رکنی کمیشن کے سربراہ سابق اٹارنی جنرل Chitta Ranjan de Silva ہیں۔ اس کمیشن کی ابتدائی کارروائی گیارہ اگست سن 2010 سے شروع ہو ئی تھی۔ تامل مسلح تحریک بارے کمیشن نے اپنی تفتیشی سرگرمیوں کو پندرہ نومبرسن 2011 کو مکمل کر لیا تھا۔ رپورٹ مرتب کرنے کے دوران کمیشن کے اراکین نے کولمبو شہر کے علاوہ شمالی اور مشرقی صوبوں کا بھی دورہ کیا اور تقریباً ایک ہزار افراد سے مل کر شہادتیں اور ثبوت اکھٹے کیے۔ کمیشن کو پانچ ہزار تحریری بیانات بھی موصول ہوئے۔

سری لنکا میں تامل علیحدگی پسندوں کے خلاف بڑی فوجی کارروائی کے دوران ہونے والی ہلاکتوں اور جنگی جرائم کے الزامات کی انکوائری کرنے والے کمیشن نے اپنی رپورٹ میں ممکنہ جنگی جرائم اور مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مناسبت سے الزامات کی مزید انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ ایل ایل آر سی (LLRC) کمیشن نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ بعض واقعات گہری چھان بین کے متقاضی ہیں۔ کمیشن نے جنگی جرائم کی مناسبت سے اپنی تفتیش کو مجموعی دستاویز کا حصہ بنایا ہے۔ چار سو صفحات پر مبنی رپورٹ سری لنکن صدر کو پیش کر دی گئی ہے۔ LLRC کمیشن نے برطانوی ٹیلی وژن چینل فور کی مرتب کردہ اُس ڈاکومینٹری فلم کو من گھڑت قرار دیا ہے، جس میں سری لنکا کے فوجی تامل باغیوں کو گولیاں مارتے دکھائے گئے تھے۔ کمیشن نے کئی معاملات بارے حکومت کو سفارشات بھی پیش کی ہیں۔

Sri Lanka Anhänger Mahinda Rajapaksa
راجا پاکسے کے حامی سنہالی آبادیتصویر: AP

اس ادارے کی تفتیش کے حوالے سے مغربی اقوام، بھارت اور دوسرے اداروں اور ملکوں کا خیال ہے کہ اگر یہ کمیشن مضبوط شواہد کے ساتھ مناسب رپورٹ مرتب کرتا ہے تو پھر کسی اور بین الاقوامی کمیشن سے تفتیش کی ضرورت نہیں ہے۔ ان ملکوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت تامل اقلیت کو مناسب وقعت بھی دے تا کہ وہ مرکزی دھارے کا حصہ بن سکے۔ یہ امر اہم ہے کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے ادارے LLRC کمیشن کے جانبدار ہونے کا مسلسل شور مچا رہے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں