1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی خاتون کے لئے کوڑوں کی سزا

25 اکتوبر 2009

سعودی عرب میں ایک خاتون صحافی کو کوڑے مارے جانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ روسانہ الیمی کو یہ سزا ایک متنازعہ ٹیلی ویژن شو کا حصہ ہونے پر سنائی گئی۔

https://p.dw.com/p/KEbZ
تصویر: AP

اس پروگرام میں ایک سعودی مرد نے کھلے عام اپنے ناجائز جنسی تعلقات پر بات کی۔ سعودی عدالت نے روسانہ کو ساٹھ کوڑے مارے جانے کا حکم دیا ہے جبکہ اس پروگرام میں شریک مہمان کو پہلے ہی سزا سنا دی گئی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب میں کسی خاتون کے لئے اس سزا کا فیصلہ پہلی مرتبہ کیا گیا ہے۔ روسانہ نے ہفتہ کو خبررساں ادارے AP سے گفتگو میں کہا، 'میرے خیال میں جدہ کی عدالت میں ایک جج نے میرے خلاف الزامات خارج کر دیے تھے، جس میں متنازعہ پروگرام کی تیاری میں میری شمولیت شامل ہے۔ تاہم مزاحمت کے طور پر مجھے پھر بھی سزا سنا دی گئی ہے۔ '

Verschleierte Frauen stehen um ein Taxi in Riyad Saudi Arabien
سعودی عرب میں اسلامی قانون نافذ ہےتصویر: AP

روسانہ اس پروگرام کے لئے کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پروگرام کی متنازعہ قسط کے لئے کام نہیں کیا۔ یہ پروگرام لبنان کے سیٹیلائٹ نیٹ ورک ایل بی سی کی سیریز 'ریڈلائنز' کے تحت تیار کیا گیا تھا۔ کچھ مہینوں پہلے یہ پروگرام نشر ہونے پر سعودی عرب میں ایک تنازعے کی صورت اختیار کر گیا تھا۔ بعدازاں روسانہ سمیت اس کی دو خاتون ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اس شو میں مہمان کے طور پر حصہ لینے والے سعودی شہری عبدالجواد کو پہلے ہی پانچ سال کی قید سنائی جا چکی ہے۔ ساتھ ہی ایک ہزار کوڑے لگانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ اس کے تین دوست بھی اس شو میں شامل تھے، جنہیں دو دو دو سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ عبدالجواد نے الزام لگایا ہے کہ پروگرام کے پروڈیوسروں نے اسے پھنسایا ہے۔ تاہم ایل بی سی نے ان مقدمات پر کوئی بیان نہیں دیا جبکہ گزشتہ ماہ جولائی میں اس پروگرام کے نشر ہونے کے بعد سعودی عرب میں اس کے دفاتر بھی بند کئے جاچکے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں