1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سفاکانہ ویڈیوز: کشمیریوں کے غم و غصے میں اضافے کا باعث

افسر اعوان (AP)
26 اپریل 2017

ایک ویڈیو میں ایک کشمیری نوجوان کو فوج کی جیپ کے سامنے والے حصے پر بندھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایک اور ویڈیو میں فوجی زمین پر گرائے گئے ایک کشمیری نوجوان پر بے دردی سے لاٹھیاں برسا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2bxpb
Kaschmir Unruhen
تصویر: Imago/Zuma Press

خبر رساں ادرے ایسوی ایٹڈ پریس کے ایک تجزیے کے مطابق انسانی حقوق کے گروپ طویل عرصے سے بھارتی سکیورٹی فورسز کو بھارتی زیر انتظام کشمیر میں منظم انداز میں کشمیریوں کے ساتھ بد سلوکی اور تشدد کے علاوہ غیر قانونی گرفتاریوں کا ذمہ دار ٹھہراتے آ رہے ہیں۔ بھارتی حکومت کی طرف سے یہ تسلیم تو کیا جاتا ہے کہ کشمیر میں مسئلہ موجود ہے تاہم وہ یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے کہ ایسے اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کی منظم منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔

کشمیری گزشتہ کئی برسوں سے بھارتی فورسز کے مبینہ ظلم و زیادتیوں پر مبنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کرتے رہے ہیں تاہم حالیہ کچھ عرصے کے دوران سوشل میڈیا پر نظر آنے والی ویڈیوز کشمیریوں میں کافی زیادہ غم وغصے کا باعث بنی ہیں خاص طور پر ایک ایسے وقت پر جب نو اپریل کو مقامی انتخابات کے موقع پر بھارت مخالف مظاہروں کے دوران بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے مظاہرین کو کافی زیادہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں سے ایک میں ایک بھارتی فوجی کی طرف سے محض چند میٹر کے فاصلے سے ایک ایسے ٹین ایجر نوجوان کو گولی کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے جو مظاہرے کے دوران سکیورٹی فورسز پر پتھر پھینک رہا تھا۔

ایک اور ویڈیو میں ایک فوجی ویگن میں بیٹھے کشمیری نوجوانوں کو بھارتی فوج شدید تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور پاکستان مخالف نعرے لگانے پر مجبور کر رہے ہیں جبکہ اس دوران ایک فوجی ان نوجوانوں کو لاٹھی اور تھپڑوں سے نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی ویڈیو میں کیمرہ ایسے نوجوانوں کی طرف بھی جاتا ہے جن کے چہرے لہو لہان ہیں اور وہ رو رہے ہیں۔ ایسی ہی ایک اور ویڈیو میں بھارتی فوجی ایک کشمیری نوجوان کو سڑک پر لٹا کر اُس کی پشت پر ٹھڈے اور لاٹھیاں برسا رہے ہیں۔

جو ویڈیو اس حوالے سے سب سے زیادہ غم وغصے کا باعث بنی اور جو بین الاقوامی سطح پر خبروں کا حصہ بنی اُس میں فاروق احمد ڈار نامی ایک کشمیری نوجوان کو بھارتی فوج کی ایک جیپ کے بونٹ پر بندھا ہوا دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں ہندی زبان میں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ پتھر پھینکنے والے ہر شخص کا یہی حال کیا جائے گا۔

فاروق احمد ڈار نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ جب بھارتی فوجیوں نے اسے جیپ کے بونٹ پر باندھ کر گشت کیا تو وہ کہہ رہے تھے، ’’ہم تمھیں گولی مار دیں گے۔ وہ لوگ میرے سر پر پتھر پھینک رہے تھے۔‘‘ ڈار نے مزید بتایا کہ فوجیوں نے اسے کچھ بھی بولنے سے منع کر دیا تھا۔ ایک گاؤں میں ایک بزرگ شخص نے فوجیوں کی منت سماجت کی کہ وہ اُسے چھوڑ دیں مگر انہوں نے ایک نہ مانی۔

اس واقعے کے بعد بھارتی پولیس نے نامعلوم فوجی کے خلاف ایک مجرمانہ کیس رجسٹر کیا۔ جبکہ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی فوج کی جانب سے داخلی طور پر چھان بین کی جا رہی ہے۔