1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلامتی کونسل شام کے خلاف قرارداد منظور کرنے میں ناکام

3 اگست 2011

منگل کے روز سلامتی کونسل کے اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کے باعث شام میں مظاہرین کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سدباب کے لیے کوئی قرارداد منظور نہ کی جا سکی۔

https://p.dw.com/p/129q8
تصویر: AP

اطلاعات کے مطابق اس کی ایک وجہ روس کا مختلف موقف بھی تھا۔ روس کا خیال ہے کہ شام کے خلاف کسی سخت قرارداد کی منظوری سے وہاں خانہ جنگی شروع ہو سکتی ہے۔ منگل کے روز 15 رکن ممالک پر مبنی سلامتی کونسل میں یہ معاملہ بھی اختلاف رائے کا شکار رہا کہ آیا شام کے خلاف کوئی سخت قرارداد منظور کی جائے یا نرم الفاظ پر مبنی کوئی بیان جاری کیا جائے۔

SCHLECHTE QUALITÄT SCREENSHOT Syrien Hama Gewalt Feuer Rauch Demonstrationen
حماہ شہر پر بمباری کا مقصدتصویر: picture alliance/dpa

مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ قرارداد کی منظوری کے حوالے سے کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ اس سے قبل مغربی طاقتیں شام سے متعلق قرارداد کے مجوزہ مسودے میں روس اور دیگر ممالک کے مختلف نقطہ ہائے نظر کے باعث تبدیلی پر مجبور ہو گئی تھیں۔ دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ قرارداد کا نیا مسودہ بھی اتنا ’متوازن‘ نہیں تھا، جتنا مطالبہ کیا گیا تھا۔

سلامتی کونسل کے گزشتہ دو روز سے جاری اس اجلاس کے بعد سفارت کاروں نے نئی قرارداد کا مسودہ اور اعتراضات اپنی اپنی قومی حکومتوں کی جانب روانہ کر دیا ہے اور اب اس سلسلے میں مذاکرات آج بدھ کے روز بھی جاری رہیں گے۔

گزشتہ ہفتے کے اختتام پر شامی سکیورٹی فورسز کی جانب سے حماہ شہر پر ٹینکوں اور بھاری ہتھیاروں سے بمباری کے بعد سلامتی کونسل پر شام کے حوالے سے کسی قرارداد کی منظوری کے لیے بین الاقوامی دباؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اسی تناظر میں اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’بشار الاسد کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ بین الاقوامی قانون کے تحت وہ جوابدہ ہیں۔ میرا خیال ہے کہ وہ انسانیت کے حوالے سے اپنی حسیات کھو بیٹھے ہیں۔‘

واضح رہے کہ شام میں شہریوں کے قتل عام کی روک تھام کے لیے جرمنی، امریکہ، برطانیہ، اور پرتگال گزشتہ دو ماہ سے کسی قرارداد کی منظوری کی کوشش میں ہیں، تاہم سلامتی کونسل کے دو مستقل رکن ممالک روس اور چین کے علاوہ چند غیر مستقل ممالک کی طرف سے اختلاف رائے کے باعث اب تک یہ قرارداد منظور نہیں ہو پائی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں