1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلمان خان ایک اورعدالتی کیس میں بری

بینش جاوید25 جولائی 2016

بھارت کی ایک عدالت نے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کے خلاف 18 برس قبل نایاب ہرن کے شکار کرنے کے کیس میں انہیں بری کر دیا ہے۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق ہرن کو ماری جانے والی گولیاں سلمان خان کی بندوق کی نہیں تھیں۔

https://p.dw.com/p/1JVWu
Indien Film Bollywood Schauspieler Salman Khan
تصویر: Getty Images/AFP/P. Paranjpe

اداکار پر الزام تھا کہ انہوں نے سن 1998 میں راجستھان میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران وہاں نایاب کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔ اس حوالے سے دو مختلف کیسز میں عدالت نے انہیں ایک سال اور پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سلمان خان نے ان فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کر دی تھی جس کے باعث انہیں جیل نہیں بھیجا گیا تھا۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ کے جج نرمالجیت کور کے فیصلے کے مطابق ہرن کو ماری جانے والی گولیاں سلمان خان کی بندوق کی نہیں تھیں۔ جج نے انہیں دونوں مقدمات میں بری کر دیا ہے۔

50 سالہ غیر شادی شدہ اداکار ان مقدمات کے فیصلے کو سننے کے لیے بھارت کے شمالی شہر جودھ پور میں موجود نہیں تھے۔

Indien Film Bollywood Schauspieler Salman Khan
سلمان خان کو ایک اور مقدمے میں راجستھان میں ایک غیر لائسنس شدہ بندوق سے ہرن کا شکار کرنے کے الزامات کا بھی سامنا ہےتصویر: Getty Images/AFP/P. Paranjpe

سلمان خان کے وکیل ہستیمال سرسوات نے بھارتی نیوزچینل این ڈی ٹی وی کو بتایا،’’ہائی کورٹ نے دونوں مقدمات میں استغاثہ کی جانب سے فراہم کیے گئے ثبوت اور دستاویزات کو قبول نہیں کیا۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ ایک معصوم شخص کے ساتھ انصاف کیا گیا ہے۔‘‘

عموما بھارتی عدالتیں وسائل کی کمی کے باعث کسی کیس کا فیصلہ سنانے میں کئی کئی برس لگا دیتی ہیں۔ سلمان خان کو ایک اور مقدمے میں راجستھان میں ایک غیر لائسنس شدہ بندوق سے ہرن کا شکار کرنے کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔

Salman Khan
سلمان خان بالی وڈ کے نامور اداکار ہیں اور ایک سو سے زائد فلموں اور بے شمار ٹی وی شوز میں کام کر چکے ہیں۔تصویر: UNI

سلمان خان بالی وڈ کے نامور اداکار ہیں اور ایک سو سے زائد فلموں اور بے شمار ٹی وی شوز میں کام کر چکے ہیں۔ اس شہرت کے ساتھ وہ متنازعہ بھی ہیں، گزشتہ برس انہیں بے گھر افراد کو گاڑی کے نیچے کچل دینے کے ایک کیس میں بری کیا گیا تھا۔ کچھ روز قبل انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی نئی فلم میں ٹریننگ کے سخت شیڈول کے باعث وہ ’ایک ریپ ہونے والی عورت‘ کی طرح محسوس کر رہے ہیں۔ سلمان خان کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔