1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمجھوتہ ایکسپریس کیس: بھارت چارج شیٹ کا تبادلہ کرے گا

21 جون 2011

بھارتی ذرائع کے مطابق نئی دہلی حکومت سمجھوتہ ایکسپریس سانحے کی چارج شیٹ پاکستان کے حوالے کرے گی اور اس کے بدلے پاکستان سے ممبئی حملوں کے ملزموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ دہرائے گی۔

https://p.dw.com/p/11frN

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت نے سن دو ہزار سات کے سمجھوتہ ریل بم دھماکے کے ملزموں کی چارج شیٹ پاکستان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے جواب میں بھارت اسی ہفتے ہونے والی پاک بھارت خارجہ سیکریٹریوں کی ملاقات میں اپنے اس مطالبے کو دہرائے گا کہ اسلام آباد سن دو ہزار نو کے ممبئی حملوں کے ملزموں کے خلاف کارروائی کرے۔

خیال رہے کہ بھارت کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند سوامی آسی منند پر سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکے کا الزام ہے۔ اس دھماکے میں اڑسٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے زیادہ تر پاکستانی شہری تھے۔ اس سے قبل مارچ میں ہونے والے پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات میں بھارت نے پاکستان کے ساتھ سمجھوتہ ایکسپریس کیس کے حوالے سے کی جانے والی تفتیش کا تبادلہ کیا تھا۔

Indien Terroranschläge Mumbai Bombay Terror Gedenken 26/11 Flash-Galerie
ممبئی دہشت گردانہ حملوں میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھےتصویر: AP

بھارتی ذرائع کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کر کے بھارت نے اپنی نیک نیتی ثابت کی ہے اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بھارت پاکستان پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ ممبئی حملوں کے ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے میں حجت سے کام کر رہا ہے۔ ممبئی حملوں میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت اور بہت سے بین الاقوامی مبصرین ان حملوں کی ذمہ داری پاکستان کی کالعدم تنظیم لشکر طیبہ پر عائد کرتے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں