1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمندری طوفان ماريا پورٹو ریکو کی طرف بڑھتا ہوا

عاصم سلیم
20 ستمبر 2017

کیریبئن کے جزائر ڈومینیکا اور گوادیلوپا میں تباہی پھیلانے کے بعد سمندری طوفان ماریا اپنی پوری قوت کے ساتھ پورٹو ریکو کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اسی ماہ کے دوران خطے سے ٹکرانے والا يہ دوسرا انتہائی طاقتور طوفان ہے۔

https://p.dw.com/p/2kLl2
Hurrikan Maria | Martinique
تصویر: Getty Images/AFP/L. Chamoiseau

سان خوان حکام نے خبردار کيا ہے کہ امريکی علاقوں سے ٹکرانے والے کیٹیگری پانچ کے طوفان ماریا کے سبب ممکنہ طور پر بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بری طرح متاثر ہو سکتا ہے جبکہ بنيادی ڈھانچے کو بھی وسيع تر نقصانات پہنچنے کا امکان ہے۔ ماريا نامی طوفان 175 کلوميٹر فی گھنٹہ رفتار کی ہواؤں کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور پورٹو ريکو سے مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح ٹکرائے گا۔ زور دار ہواؤں اور بارش کا يہ سلسلہ اگلے بارہ تا چوبيس گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

يہ طوفان کريبيئن کے خطے سے ٹکرانے والا اس ماہ کا دوسرا اور پچھلے نوے برسوں کا طاقتور ترين طوفان ہے۔ اس سے قبل ارما نامی طوفان کئی امريکی علاقوں ميں تباہی کا سبب بنا تھا۔

امريکی نيشنل ہريکن سينٹر نے برٹش ورجن جزائر، پورٹو ريکو، کيوليبرا اور ديگر علاقوں کے ليے انتباہ جاری کيا ہے۔ امريکی ورجن جزائر پر ہزاروں افراد نے اپنے مکانات چھوڑ کر مختلف پناہ گاہوں کا رخ کيا۔ قبل ازيں گورنر کينتھ ميپ نے لوگوں کو خبردار کيا تھا کہ وہاں رہنا، ان کے ليے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

امکان ہے کہ ماريا طوفان کے دوران پورٹو ريکو ميں گرج چمک کے ساتھ پچيس انچ تک بارش ہو گی۔ علاوہ ازيں طوفانی ہوائيں سمندر کے پانی کو زمين کی طرف دھکيل سکتی ہيں۔ سيلابی ريلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے بھی لوگوں کے ليے حالات کافی خطرناک ثابت ہو سکتے ہيں۔

چند ہفتے قبل آنے والے طوفان ارما سے گرچہ قريب ساڑھے چار ملين آبادی والا پورٹو ريکو کافی حد محفوظ رہا تھا تاہم ستر فيصد لوگوں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی تھی۔ يہ خطہ پہلے ہی اقتصادی طور پر مشکلات کا شکار ہے۔