1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمندری طوفان 'پیٹ' اومان کے ساحلوں پر

3 جون 2010

بحیرہء عرب میں پیدا ہونے والا طاقتور سمندری طوفان ’پَیٹ‘ اب اومان کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے بعد اس کا رخ پاکستان کی طرف بھی ہوسکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/NgXh
تصویر: AP

ماہرین موسمیات کے مطابق Phet نامی یہ سمندری طوفان اپنی شدت میں چوتھے درجے کا طوفان ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ اس طوفان کے ساتھ چلنے والی ہواؤں کی رفتار 210 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی ہو سکتی ہے۔ تاہم امکان ہے کہ اومان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے تک پہنچنے سے پہلے ہی اس طوفان کی شدت میں کچھ کمی آ جائے گی۔

اومان کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق حکومت نے پولیس اور ملکی فضائیہ کو حکم دے دیا ہے کہ اس خلیجی ریاست کے شمالی علاقوں سے شہریوں کے بروقت انخلاء کو یقینی بنایا جائے۔ اس علاقے میں انتہائی طاقتور سمندری موجیں آٹھ میٹر تک بلند ہوتی ہیں۔

Pakistan Hafen Gwadar
سمندری طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر گوادر سمیت کئی ساحلی علاقوں میں ماہی گیری کی صنعت کو زبردست نقصان پہنچا ہےتصویر: AP

اومان کی قومی فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ لوگوں کو ممکنہ طور پر متاثر ہو سکنے والے علاقوں سے محفوظ مقامات پر منقتل کرنے کے لئے اس ایئرلائن نے اپنی دو مسافر پروازیں منسوخ کردی ہیں تاکہ یہ طیارے کسی بھی ہنگامی حالت میں مصیرہ کے جزیرے سے عام شہریوں کے فوری انخلاء کے لئے استعمال کئے جا سکیں۔

ماہرین کے مطابق اومان کے ساحل سے ٹکراتے ہوئے اس طوفان کی شدت کچھ کم ہو جائے گی، جس کے بعد یہی طوفان خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے ہوتا ہوا بحرہند کا رخ کرے گا۔ اس سمندری علاقے تک پہنچنے کے بعد Phet کی بہت تیزرفتار اور طاقتور لہریں پاکستان کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے لگیں گی۔ ’پَیٹ‘ نامی یہ طوفان خلیج فارس کے علاقے سے بحرِ ہند کی طرف جانے والے بحری جہازوں کی آمد ورفت کو بھی متاثر کرے گا۔ اس طوفان کی شدت کے بارے میں پہلے یہ پیشین گوئی کی گئی تھی کہ یہ کیٹیگری پانچ کا طوفان ہوگا۔ تاہم اب یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ کیٹیگری چار کی شدت کا طوفان ہو گا۔

دوسری طرف بھارتی محکمہء موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ ’پَیٹ‘ کی وجہ سے مغربی ساحلی علاقوں میں شدید بارشیں ہوں گی اور یہ علاقے تیز ہواؤں کی لپیٹ میں رہیں گے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں Phet نامی یہ طوفان اومان کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھتے ہوئے پہلے کچھ شدید ہو جائے گا، جس کے بعد یہ پاکستان کے مغربی ساحلی علاقوں اور بھارت میں گجرات کی ساحلی پٹی کا رخ کرے گا۔ بھارتی مچھیروں کو خبردار کر دیا گیا ہے کہ وہ طوفان کے پیش نظر سمندر کا رخ نہ کریں۔

پاکستانی حکام کے بقول جب یہ طوفان سندھ کے ساحلی علاقوں کا رخ کرے گا، تو اس وجہ سے زیریں سندھ کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ممکنہ طور پر شدید بارشیں بھی ہوں گی۔ پاکستان ہی میں بلوچستان کے صوبائی محکمہء موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹے اس صوبے کے ساحلی علاقوں کے لئے بہت اہم ہیں اور اگر یہ طوفان اپنی شدت میں کم نہ ہوا تو اوماڑہ، پسنی اور گوادر کے ساحلی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ: عبدالستار

ادارت: مقبول ملک