1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمندری لہروں سے بجلی پیدا کرنے والا پہلا پاور پلانٹ

21 ستمبر 2011

آبی لہروں سے بجلی کی پيداوار ابھی تک اپنے ابتدائی مراحل ہی ميں ہے۔ اب اسپين ميں سمندری لہروں کی قوت سے بجلی پيدا کرنے کے پہلے تجارتی بجلی گھر نے کام کرنا شروع کر ديا ہے۔

https://p.dw.com/p/12dRi
تصویر: Voith Hydro Holding GmbH & Co. KG

اسپين کے بحر اوقيانوسی ساحل پر موتريکو نامی گاؤں واقع ہے۔ يہاں ساحل سے بلند ہوتے ہوئے پہاڑ پر رنگ برنگے مکانات کھڑے ہيں۔ سمندر ميں ماہی گيری کی کشتيوں کے ساتھ ساتھ بادبانی کشتياں اور جہاز بھی نظر آتے ہيں، جو شوقين مزاج سياحوں يا خوشحال ہسپانوی باشندوں کی ملکيت ہو سکتے ہيں۔ پانچ ہزار کی آبادی والا يہ گاؤں سان سبستيان سے تقريباً 30 کلوميٹر کے فاصلے پر ہے۔ کسی نووارد يا اجنبی کو يہ گمان بھی نہيں ہو سکتا کہ اس چھوٹے سے ديہات ميں ايک جديد ترين بجلی گھر ايستادہ ہے۔

Wellenenergie Wellenkraftwerk
اس پلانٹ نے اس سال جولائی ميں کام کرنا شروع کيا تھا اور يہ تقريباً چھ سو افراد کو بجلی فراہم کرتا ہےتصویر: Voith Hydro Holding GmbH & Co. KG

اس پلانٹ نے اس سال جولائی ميں کام کرنا شروع کيا تھا اور يہ تقريباً چھ سو افراد کو بجلی فراہم کرتا ہے۔ اسپين کے باسک علاقے کی انرجی ايجنسی کے سربراہ خوزے اگناسيو ہورميتس کو اس پلانٹ پر فخر ہے: ’’آج سے موتريکو لہروں کے ذريعے بجلی کی پيداوار ميں ايک اہم نام بن گيا ہے۔ يہ پہلا پلانٹ ہے، جو آبی لہروں کی توانائی سے بجلی پيدا کرکے اسے صارفين کو فراہم کر رہا ہے۔‘‘

سمندر کی ساحلی ديوار سے ٹکرانے والی طاقتور موجوں کے اندر کی طاقت کو ايک جنريٹر کی مدد سے بجلی ميں تبديل کيا جاتا ہے۔ يہ پلانٹ کنکريٹ سے بنی ايک عمارت کے اندر نصب ہے۔ انجينئر تورے نے ايک بھاری آہنی گيٹ کو کھولا جس سے گذر کر پاور پلانٹ ميں داخل ہوا جا سکتا ہے۔ پلانٹ ميں سولہ چيمبر بنے ہوئے ہيں، جو سمندر کے رُخ پر کھلے ہوئے ہيں۔ تورے نے کہا: ’’جب لہريں ان میں اچھل کرداخل ہوتی ہيں تو وہ ہوا کو دباتی ہيں۔ ہوا کے اس شديد دباؤ سے ايک ٹربائن حرکت کرنے لگتا ہے، جس سے منسلک جنريٹر اسے بجلی کی شکل دے ديتا ہے۔‘‘

Wellenenergie Wellenkraftwerk
يہ پاور پلانٹ وہ واحد پلانٹ ہے، جو تجارتی بنياد پر بجلی پيدا کرتا ہےتصویر: Voith Hydro Holding GmbH & Co. KG

اس قسم کے تجرباتی پلانٹ تو بہت سے ہيں، جواس تکنيک کے ذريعے بجلی پيدا کرتے ہيں ليکن اسپين کا يہ پاور پلانٹ وہ واحد پلانٹ ہے، جو تجارتی بنياد پر اس قسم کے پلانٹ سے بجلی پيدا کرتا ہے۔ پلانٹ کے ٹربائن ايک جرمن اليکٹرک فرم کی اسکاٹ لينڈ کی شاخ نے بنائے ہيں اور پلانٹ کا بقيہ حصہ اسپين کی فرم نے بنايا ہے۔

تنصيبات کے اخراجات حکومت کے قدرتی ذرائع سے بجلی پيدا کرنے کے خصوصی فنڈ سے بھی پورے کيے گئے ہيں۔

بجلی فراہم کرنے والی بڑی ہسپانوی فرم EVE کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ بجلی پيدا کرنے کے قابل تجديد يا قدرتی ذرائع کے ميدان کو اور زيادہ وسعت دينا چاہتی ہے۔

ناقدين کا کہنا ہے کہ يہ ٹيکنالوجی پيچيدہ ہے اور جتنی رقم اس پر خرچ کی جاتی ہے، اُس کے مقابلے ميں اس کی بجلی کی پيداوار کم ہے۔ ليکن اس کے حاميوں کی دليل يہ ہے کہ بجلی پيدا کرنے کا يہ طريقہ ہميں پيداوار کے ايسے طريقوں سے بچاتا ہے، جو انسانوں، دوسرے جانداروں اور ماحول کے لیے مضر ہيں۔ اس کے علاوہ يہ صنعت اور مختلف کمپنيوں کے ليے نئی ٹيکنالوجی ايجاد کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

رپورٹ: رائن ہارڈ اشپيگل ہاؤر/ شہاب احمد صديقی

ادارت: امتیاز احمد