1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سندھ ہائی کورٹ کے آٹھ معزول ججز نے پھر سے حلف اٹھا لیا

قرةالعین زمان27 اگست 2008

آزاد عدلیہ کی بحالی کو آج بھی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ تصور کیا جا رہا ہے۔ اسی مسئلے پر مسلم لیگ ن نے حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے ساتھ اپنا پانچ ماہ طویل اتحاد بھی توڑ ڈالا۔

https://p.dw.com/p/F62R
کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے معزول ججز نے نیا حلف اٹھایاتصویر: AP

تاہم حکمران اتحاد کے ٹوٹنے کے بعد آج سندھ ہائی کورٹ کے آٹھ معزول ججوں نے حلف اُٹھا لیا ہے۔ ان ججوں کی بحالی کا حکم سابق صدرریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے استعفی دینے سےقبل دے دیا تھا لیکن مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان اس پر اختلافات ہونے کی وجہ سے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا۔

سیکریٹری قانون آغا رفیق احمد کے مطابق: ’’ باقی معزول ججوں کی بحالی کا نوٹیفیکیشن بھی جلد جاری ہو جائے گا۔‘‘ تا ہم ان کا کہنا تھا کہ انہیں لاہور ہائی کورٹ کے ججوں کی بحالی کے بارے میں علم نہیں ہے۔

سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رشید رضوی نے اس اقدام کو حکومتی سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سندھ کے جج صاحبان اپنے دیگر ساتھیوں کو تنہا چھوڑرہے ہیں اور یہ اقدام وکلاء تحریک کے لئیے بھی مثبت ثابت نہ ہو گا۔