1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنگاپور ایئرلائن کی اولین ’گرین پیکج‘ پروازیں

افسر اعوان (DPA)
3 مئی 2017

جہازوں سے خارج ہونے والی ضرر رساں گیسوں میں کمی لانے کے لیے سنگاپور ایئرلائن نے پہلی مرتبہ ’گرین پیکج‘ پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ پروازیں کوکنگ آئل سے تیار ہونے والا بائیو فیول بھی استعمال کریں گی۔

https://p.dw.com/p/2cITU
Singapur Flugzeug von Singapore Airlines - Brand, Notlandung
تصویر: picture-alliance/dpa/L. Yaohui

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی ایک رپورٹ کے مطابق ان پروازوں کے لیے بائیو ایندھن استعمال شدہ عام کوکنگ آئل سے تیار کیا جائے گا۔ سنگاپور ایئرلائن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس سلسلے میں آئندہ تین ماہ کے دوران 12 ایسی پروازیں اڑائی جائیں گی جس کے ایندھن میں عام فیول کے ساتھ بائیو فیول بھی ملا ہوا ہو گا۔ بیان کے مطابق یہ پروازیں ایئربس A350-900 جہازوں کی ہوں گی جنہیں یہ ایئرلائن ایندھن کی بچت کے حوالے سے سب سے زیادہ مؤثر قرار دیتی ہے۔

بائیو ایندھن استعمال کرنے والی یہ تمام 12 پروازیں اس ایئرلائن کی سنگاپور سے سان فرانسسکو کی براہ راست فلائٹس ہوں گی۔ اس سلسلے کی پہلی پرواز SQ31 منگل دو مئی کو سان فرانسسکو سے سنگاپور پہنچی۔ اس پرواز پر 206 مسافر موجود تھے جبکہ پرواز کا دورانیہ 17 گھنٹے تھا۔

Flugbegleiterinnen Fluggesellschaft Singapore Airlines
بائیو ایندھن استعمال کرنے والی یہ تمام 12 پروازیں اس ایئرلائن کی سنگاپور سے سان فرانسسکو کی براہ راست فلائٹس ہوں گیتصویر: picture alliance/dpa/Singapore Airlines

سنگاپور ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گوہ چون پھونگ کو امید ہے کہ بائیو فیول کے ذریعے اڑائی جانے والی پروازوں اور پھر اس مقصد کے لیے ایسے جہازوں کے استعمال سے جو ایندھن کا کم استعمال کرتے ہیں، اس کمپنی کے کاربن کے اخراج میں کمی کے عزم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

’گرین پیکج‘ فلائٹس کے اس سلسلے میں سنگاپور سول ایوی ایشن کی مدد بھی اس ایئر لائن کو حاصل ہے۔ اس مقصد کے لیے سول ایوی ایشن موسمی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان پروازوں کے لیے ایسے بہترین فضائی راستوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گی جن پر ایندھن کا خرچ کم سے کم ہو۔