1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنگاپور کی پچاسویں سالگرہ پر شاندار جشن

عاصمہ علی9 اگست 2015

سنگاپور نو اگست 1965ء کو ایک آزاد اور خود مختار مملکت کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا تھا۔ اس سال نو اگست کو یہ چھوٹا سا ایشیائی ملک اپنی بے مثال ترقی اور خوش حالی کے پچاس برس مکمل ہونے کا جشن منا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GCF4
Singapur Skyline mit Hafen
تصویر: picture alliance/Robert Harding World Imagery

یہ شہری ریاست اپنی گولڈن جوبلی کا جشن بھی شاندار طریقے سے منا رہی ہے۔ اس موقع پر ہونے والی تقریبات میں مسلح افواج کی پریڈ اور آتش بازی کے مظاہرے کو مرکزی اہمیت حاصل ہے لیکن ساتھ ساتھ سنگاپورکے بانی آنجہانی لی کوآن یوکی زندگی پر مبنی دستا ویزی فلم دکھا کر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات میں شرکت کے لیے تقریباً ڈھائی لاکھ افراد سڑکوں پر نکلے ہیں۔

سنگاپور ایک ایسے خطے میں بے پناہ اقتصادی ترقی، خوش حالی اور امن و امان کی علامت بنا ہے، جو غربت اور سیاسی عدم استحکام سے دوچار ہے۔ یہ شہری ریاست 9 اگست 1965ء کو معرض وجود میں آئی، جب ملائیشیا نے اس کو وفاق سے نکال باہر کیا۔

سنگاپور نے، جو کبھی نو آبادیاتی دور کی ایک پسماندہ بندرگاہ سے زیادہ کچھ نہیں تھا، چند عشروں کے اندر اندر اتنے بڑے پیمانے پر اقتصادی ترقی اور خوش حالی حاصل کی ہے کہ اپنے ہمسایہ ممالک ملائیشیا اور انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

آج کل سنگاپور میں نوّے فیصد سے زیادہ شہری اپنے ذاتی گھر میں رہتے ہیں اور یہ ملک فی کس آمدنی کے اعتبار سے دنیا کے چوٹی کے ملکوں میں شامل ہے۔ 2014ء میں سنگاپور میں فی کس مجموعی آمدنی چھپن ہزار دو سو چوراسی ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سنگاپور کے شہریوں کو اس ترقی کی قیمت کچھ شہری آزادیوں پر قدغنوں کی صورت میں ادا کرنا پڑی ہے۔ مثلاً ابھی حال ہی میں ایک ٹین ایجر لڑکے اموس ژی کومسیحیت کا مذاق اڑانے اور ایک تجزیہ نگار کو بھی موجودہ وزیراعظم پر الزام لگانے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا۔ یہ دو ایسی مثالیں ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت سے اختلاف رائے کا انجام کیا ہوتا ہے۔

Singapur Arbeiter im Hafen
سنگاپور نے، جو کبھی نو آبادیاتی دور کی ایک پسماندہ بندرگاہ سے زیادہ کچھ نہیں تھا، چند عشروں کے اندر اندر بڑے پیمانے پر اقتصادی ترقی اور خوش حالی حاصل کی ہےتصویر: picture alliance/AP Images

سنگاپور کی اس بے مثال ترقی کا سہرا لی کوآن یُو کے سر ہے، جن کے تریسٹھ سالہ فرزند لی سیان لونگ آج کل اس ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ملک کے پچاس سالہ جشن کے موقع پر عوامی جذبات کا فائدہ اٹھانے کی کوشش میں وہ بارہ ستمبر کو قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر سکتے ہیں تاکہ اُن کی عشروں سے برسرِاقتدار چلی آرہی جماعت پی اے پی بدستور اس ملک پر حکمرانی کر سکے۔

2011ء کے انتخابات میں اس جماعت کو کافی تعداد میں ووٹوں سے محروم ہونا پڑا تھا کیونکہ لوگ مہنگائی، حکومت کی امیگریشن پالیسیوں اور صحت کے شعبے میں بھاری اخراجات کے باعث حکومت سے نالاں بھی ہیں۔

سنگاپور میں کم شرح پیدائش کی وجہ سے حکومت کوسن دو ہزارمیں اپنی امیگریشن پالیسی میں نرمی کرنی پڑی تھی، جس کی وجہ سے سنگاپور کی آبادی 4.17 ملین سے بڑھ کر 5.47 ملین تک پہنچ چکی ہے۔ اب ملکی آبادی کا چالیس فیصد غیر ملکیوں پر مشتمل ہے۔ سنگاپور کے رہنے والے مڈل کلاس لوگ اس وجہ سے ٹینشن میں ہیں کہ باہر سے آنے والے تعلیم یافتہ اور ہنرمند لوگ ہی گھر اور نوکریاں حاصل کر پا رہے ہیں۔

حکومت نے کئی بلین ڈالر خرچ کر کے عوام کے لیے نئے رہائشی منصوبوں اور میٹرو لائنز پر کام شروع کیا ہے، جس کے لیے دوسرے ممالک سے کاریگر بلوائے گئے ہیں۔

Singapur Skyline mit Hafen
آج کے سنگاپور کی بندرگاہ دنیا کی جدید ترین بندرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور یہ شہری ریاست امیر اور پُر امن ترین ریاستوں میں سے ایک ہےتصویر: Getty Images/AFP/R. Rahman

آسٹریلیا کی فلنڈرز یونیورسٹی میں بین الااقوامی تعلقات عامہ کےپروفیسر مائیکل بار کا کہنا ہے کہ گولڈن جوبلی کی تقریبات پر عوام میں پائے جانے والے جوش و خروش اور عظیم بانی رہنما آنجہانی لی کوآن یو کے اس سال مارچ میں اکیانوے برس کی عمر میں انتقال پر پائے جانے وال گہرے دکھ کی وجہ سے لوگوں کی ہمدردیاں حکومت کے ساتھ ہوں گی اور اس کا فائدہ حکمران جماعت پی اے پی کو ہی پہنچے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید