1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوئٹزرلینڈ اور نائجیریا انڈر سیونٹین فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں

13 نومبر 2009

افریقی ملک نائجیریا میں فٹ بال کے عالمی ادارے فیفا کی نگرانی میں کھیلے جانے والے انڈر سیونٹین فٹ بال ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنل مکمل ہو گئے ہیں۔ دفاعی چیمپیئن نائجیریا کا فائنل میں مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہو گا۔

https://p.dw.com/p/KVdV
تصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

نائجیریا اور سوئٹزرلینڈ انڈر سیونٹین فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ اس عالمی کپ کے مقابلے افریقی ملک نائجیریا میں ہو رہے ہیں۔ جمعرات کو ان مقابلوں کا پہلا سیمی فائنل کھیلا گیا، جس میں دفاعی چیمپیئن نائجیریا نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں سوئٹزر لینڈ نے کولمبیا کوچار گول سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔

افریقی ملک نائجیریا کے سب سے بڑے شہر لاگوس میں کھیلے گئے انڈر سیونٹین فٹ بال ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان اور دفاعی چیمپیئن نائجیریا نے یورپی ملک اسپین کی مضبوط ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پندرہ نومبر کے فائنل میچ میں جگہ حاصل کر لی۔

اسپین کی ٹیم سیمی فائنل میچ میں صرف ایک گول کرنے میں کامیا ب رہی۔ دوسری جانب پری کوارٹر فائنل کے مرحلے سے نیوزی لینڈ کے خلاف جس جارحانہ کھیل کا آغاز نائجیریا کے نوجوان فٹ بالرز نے کیا تھا وہ انداز سیمی فائنل میں بھی جاری رہا۔ لاگوس کے Teslim Balogun Stadium میں ہزاروں افراد اپنی ٹیم کو داد دینے کے لئے موجود تھے۔

نائجیریا کے فٹ بالروں کو عرف عام میں سنہرے عقاب یا گولڈن ایگلز کہا جاتا ہے۔ میچ شروع ہوتے ہی نائجیریا کے نوجوان فٹ بالرز نے ہسپانوی گول پر حملے شروع کر دیے تھے۔ تیسویں منٹ پر میزبان ملک کو برتری حاصل ہو گئی جو وقفے تک برقرار رہی۔ ہسپانیہ کے ہونہار فارورڈ Iker Uniain کو چوبیسویں منٹ میں پٹھوں میں شدید کھچاؤ پیدا ہونے کے باعث میدان سے باہر جانا پڑا، جو ہسپانوی ٹیم کے لئے بہت بڑا نقصان ثابت ہوا۔

Fans of the African Nations Cup, Bild 2
فائنل اتوار کو ہو گاتصویر: Confederation of African Football

وقفے کے بعد نائجیریا کی ٹیم نے مزید دو گول کر کے اپنی کامیابی کو مستحکم کردیا تھا۔ میچ کے اڑسٹھویں منٹ میں اسپین کی جانب سے ایک گول کیا گیا۔ مجموعی طور پر نائجیریا کے نوجوان فٹ بالرز نے میچ میں بہت عمدہ کار کردگی کا مظاہرہ کیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے اوکورو نے ایک اور مانویل نے دو گول کئے جبکہ اسپین کی جانب سے بورخا نے ایک گول کیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں یورپی ملک سوئٹزرلینڈ کی ٹیم نے کولمبیا کو چار صفر سے ہرا کر نائجیریا کو ایک طرح سے خبردار کیا ہے کہ اُس کے فارورڈ کھلاڑی فائنل میں میزبان ملک کے دفاع میں دراڑیں ڈال سکتے ہیں۔ اس ٹیم کے نوجوان فٹ بالر نے اپنی مخالف ٹیم کولمبیا کو میچ میں مکمل طور پر کنٹرول میں رکھا۔ پورے میچ میں یورپی ٹیم نے جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے خلاف انتہائی منظم کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

میچ کی ابتداء ہی سے سوئس ٹیم کا اعتماد واضح تھا۔ چودہویں منٹ میں ایک پنالٹی شارٹس کو نسیم بن خلیفہ نے گول میں ڈال کر اپنے ملک کو برتری دلا دی۔ ایک طرح سے اِس پر اعتماد گول سے سوئٹزر لینڈ نے اپنی کامیابی کا اعلان کردیا تھا۔

پہلے ہاف میں دوسرا گول کرکے سوئٹزر لینڈ کی ٹیم نے اپنے برتری کو مستحکم کر لیا۔ نسیم بن خلیفہ کے خلاف فاؤل کرنے پرکولمبیا کے دفاعی کھلاڑی کو اِسی موقع پر نیوزی لینڈ کے ریفری نے سرخ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر کردیا تھا۔ بعد میں کولمبیا کی ٹیم دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتی رہی جس کا بھرپور فائدہ سوئس ٹیم نے اٹھایا۔

یورپی ملک سوئٹزر لینڈ کی کسی درجے کی فٹ بال ٹیم پچاسی سال کے بعد پہلی مرتبہ فیفا کی نگرانی میں کھیلے انے والے کسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ سن 1924 میں سوئٹزر لینڈ نے یوراگوئے کے خلاف اولمپک کھیلوں میں فائنل میچ کھیلا تھا اور اِس میں وہ تین گول سے ہار گئی تھی۔ انڈر سوینٹین ٹورنامنٹ میں سوئٹزر لینڈ کی ٹیم پہلی بار شرکت کر رہی ہے۔

انڈر سیونٹین فیفا ورلڈ کپ کا فائنل نائجیریا کے دارالحکومت ابوجہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں پندرہ نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اِس اسٹیڈیم میں ساٹھ ہزار سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل