1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوائن فلو تیزی سے پھیل رہا ہے: عالمی ادارہ صحت

15 جولائی 2009

رواں برس اپریل میں میکسیکو سے شروع ہونے والا سوائن فلو اب دنیا کے بہت سے ملکوں میں پھیل چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/IqJf
سوائن فلو کے دوبارہ بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پانےکے لئے ویکسین کی تیاری میں ابھی کئی ماہ لگ سکتے ہیںتصویر: AP/DW-Montage

گزشتہ چند ہفتوں میں اس کے پھیلاؤ کی رفتار اور اس کی وجہ سے ہونے والی اموات میں کمی دیکھنے میں آئی تھی۔ مگر اب دوبارہ H1N1 وائرس سے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے بلکہ اس کی وجہ سے اموات بھی ہو رہی ہیں، جس سے دنیا بھر میں ایک بار پھر پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

عالمی ادارہء صحت کی سربراہ مارگریٹ چن نے اِس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ سوائن فلو کے دوبارہ بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پانےکے لئے ویکسین کی تیاری میں ابھی کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ مارگریٹ چن کی طرف سے یہ بیان آسٹریلیا اور جاپان میں سوائن فلو سے متاثرہ کیسز میں تیز رفتار اضافے اور ارجنٹائن میں گزشتہ تین دنوں میں 43 اموات کے بعد سامنے آیا ہے۔ ارجنٹائن میں سوائن فلو کی وجہ سے ہونے والی کل اموات 137 ہوگئی ہیں۔

مارگریٹ چن کے مطابق اس وقت سوائن فلو کے لئے کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست تک ایک ویکسین کی تیاری متوقع ہے مگر یہ بات جواب طلب ہے کہ اس ویکسین کا استعمال کس حد تک محفوظ ہوگا۔ مارگریٹ نے اس موقع پر مزید کہا کہ اگست میں تیار ہونے والی ویکسین کے طبی آزمائشوں کے نتائج سامنے آنے میں ابھی دو سے تین ماہ لگ سکتے ہیں۔

schweinegrippe argentinien
سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہےتصویر: AP

دوسری طرف عالمی ادارہء صحت کی ڈائریکٹر برائے ویکسین ریسرچ میری پال کینی Marie-Paul Kieny نے کہا کہ سوائن فلو کی وبا کا پھیلاؤ یقینی ہے، لہٰذا سوائن فلو سے بچاؤ کے لئے ویکسین زیادہ سے زیادہ ستمبر تک دستیاب ہوجانی چاہیے۔ میری پال نے محفوظ ویکسین کی تیاری کے لئے درکار وقت کے بارے میں بتایا: ’’عالمی ادارہء صحت کی ریگولیٹری اتھارٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ طبی آزمائشوں کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور دوائی کی درست مقدار کا تعین کیا جائے، لہٰذا ان طبی آزمائشوں میں یقیناﹰ کچھ وقت لگے گا۔‘‘

ارجنٹائن میں ہونے والی حالیہ اموات کے بعد یہ ملک اس وبا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔ پہلے نمبر پر امریکہ ہے، جہاں تازہ اطلاعات کے مطابق سوائن فلو سے ہونے والی اموات کی تعداد 211 ہے جبکہ اس وائرس سے متاثر ہونے والے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 37 ہزار ہے۔ تیسرے نمبر پر میکسیکو ہے، جہاں سوائن فلو سے 124 اموات جبکہ 12 ہزار 5 سو 21 افراد متاثر ہوئے۔

سوائن فلو کی تازہ لہر بیلیجیئم میں دیکھنے میں آئی ہے، جہاں 100 کے قریب افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کے بعد حکومت نے ملک میں ماسک اور اینٹی وائرل دواؤں کی فوری تقسیم کے لئے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔


رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : امجد علی