1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوات میں خودکش حملہ، رکن صوبائی اسمبلی ہلاک

1 دسمبر 2009

منگل کے روز پاکستان کے صوبہ سرحد کی وادی سوات کے علاقے میں ایک خودکش بم حملے میں رکن صوبائی اسمبلی شمشیر علی خان سمیت دو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/KmcV
پاکستانی صوبہ سرحد گزشتہ طویل عرصے سے دہشت گردانہ حملوں کی لپیٹ میں ہےتصویر: AP

سوات میں پولیس کے سربراہ قاضی غلام فاروق کے مطابق یہ حملہ کانجو کے علاقے میں کیا گیا۔ عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی شمشیر علی خان طالبان کی عسکریت پسندی کے شدید مخالف تھے اور اس بارے میں اکثر بڑے تند و تیز بیانات بھی دیتے رہے تھے۔

پشاور میں صوبہ سرحد کی صوبائی اسمبلی کے رکن شمیر علی خان اپنے بھائی اور دیگر افراد سمیت عید کے موقع پر مہمانوں سے ملاقاتیں کر رہے تھے کہ خودکش حملہ آور نے مہمان خانے میں خودکو دھماکہ خیز مواد اڑا دیا۔ اس حملے میں شمشیر علی خان کے بھائی بھی ہلاک ہوگئے۔ ہسپتال ذرائع نے اس حملے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گیارہ دیگر افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے آپریشن ’راہ راست‘ کے بعد ابھی کچھ عرصے قبل ہی پاکستانی فوج نے سوات کے علاقے سے طالبان کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک