1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد نرگس فخری کا وضاحتی بیان

بینش جاوید 22 دسمبر 2015

بالی وُڈ کی معروف اداکارہ نرگس فخری نے پاکستان کے سوشل میڈیا پر اپنے ایک اشتہار سے ہل چل مچا دی ہے۔ اس اشتہار کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HRZa
Nargis Fakhri Bollywood Schauspielerin und Model
تصویر: Strdel/AFP/Getty Images

نرگس فخری پاکستان کے سیلیولر نیٹ ورک موبی لنک کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔ حال ہی میں موبی لنک کمپنی کے اخبارات میں شائع ہونے والے ایک اشتہار نے پاکستانی سوشل میڈیا پر ہل چل مچا دی۔ پاکستان کے ایک اردو روزنامے نے موبی لنک کمپنی کے استہار کے طور پر نرگس فخری کی ایک ایسی تصویر شائع کی جس میں انہیں اوندھے منہ، ہاتھ میں فون پکڑے، لیٹے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

نرگس فخری کے اس اشتہار کو قابلِ اعتراض قرار دیتے ہوئے پاکستانی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ لوگوں نے اس اشتہار کو پاکستانی معاشرے کے لحاظ سے غیر مہذب اور غیر اخلاقی ٹھہرایا۔

کچھ لوگوں نے الٹا اس اشتہار پر تنقید کرنے والوں کو ہدف تنقید بنایا ہے اور سوال کیا ہے کہ وہ دوسرے معاملات پر تو آواز نہیں اٹھاتے لیکن اس اشتہار کی مذمت کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بحث میں کچھ لوگوں نے مضحکہ خیز ٹوئٹس بھی کی ہیں۔

اس اشتہار کے حوالے سےسوشل میڈیا پر شدید بحث اور تنقید کے بعد اداکارہ نرگس فخری کو ایک وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا۔ اس بیان میں انہوں نے کہا ہے، ’’میں گزشتہ 3 برسوں سے موبی لنک کمپنی کی برانڈ ایمبیسیڈر ہوں اور مجھے کبھی کسی ایسے واقعے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ میں ثقافتی طور پر آگاہ ہوں کہ کس طرح کے میڈیا میں کیسی تصاویر شائع ہونی چاہییں۔‘‘ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تصاویر کی تشہیر کی تمام تر ذمہ داری موبی لنک کے ہاتھوں میں تھی اور یہ اس ہی پر منحصر تھا کہ وہ ان تصاویر کو کیسے استعمال کرتی ہے۔