1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوشل ڈیموکریٹ امیدوار میرکل کو شکست دے دے گا، سروے

17 فروری 2017

ایک سروے کے مطابق ستمبر کے لیے طے شدہ عام انتخابات میں اگر چانسلرشپ کے لیے براہ راست دو پارٹی سربراہان کے درمیان مقابلہ کرایا جائے، تو ایس پی ڈی کے سربراہ مارٹن شُلس جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو شکست دے دیں گے۔

https://p.dw.com/p/2XlZn
Berlin Bundespräsidentenwahl Merkel Schulz
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Fischer

جرمن براڈ کاسٹر ZDF کی طرف سے کرائے جانے والے اس سروے کے نتائج آج جمعہ 17 فروری کو جاری کیے گئے۔ اس سروے کے مطابق 49 فیصد جرمن ووٹر یورپی پارلیمان کے سابق اسپیکر مارٹن شُلس کو آئندہ وفاقی چانسلر دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ 38 فیصد جرمنوں کی خواہش ہے کہ انگیلا میرکل بدستور اس عہدے پر فائز رہیں۔

ZDF کے مطابق یہ نتائج گزشتہ ماہ جنوری کے مقابلے میں انتہائی مختلف ہیں جب میرکل کو 44 فیصد جرمن رائے دہندگان کی حمایت حاصل تھی جبکہ شُلس کی حامیوں کی شرح 40 فیصد تھی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں سامنے آنے والے ایک اور سروے سے بھی یہی بات پتہ چلی تھی کہ شُلس مقبولیت میں میرکل کو پیھچے چھوڑ گئے ہیں۔

Mega-Schulz Plakat vom SPD-Kanzlerkandidat
رواں ماہ کے شروع میں سامنے آنے والے ایک اور سروے سے بھی یہی بات پتہ چلی تھی کہ شُلس مقبولیت میں میرکل کو پیھچے چھوڑ گئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/K. Nietfeld

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی یا SPD میرکل کے موجودہ حکومتی اتحاد میں شامل ہے۔ یہ جماعت عوامی مقبولیت کے حوالے سے گزشتہ کئی برسوں سے میرکل کی قدامت پسند جماعت CDU سے پیچھے تھی۔ اس جماعت نے آخری مرتبہ 2002ء کے انتخابات میں گیرہارڈ شروئڈر کی سربراہی میں کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم چند ہفتے قبل مارٹن شُلس کو ایس پی ڈی کا سربراہ بنائے جانے کے بعد سے اس جماعت کے لیے جرمن باشندوں کی حمایت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

پارٹی کی بنیاد پر کرائے جانے والے سروے کے مطابق ایس پی ڈی کی حمایت میں چھ فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ اب 30 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ چانسلر میرکل کی سربراہی میں قدامت پسند یونین جماعتوں کے اتحاد کی حمایت دو فیصد کمی کے بعد اب 34 فیصد بنتی ہے۔ اس اتحاد میں چانسلر کی اپنی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک یونین CDU اور باویریا کی پارٹی کرسچن سوشل یونین CSU شامل ہیں۔

Zerstörtes Wahlplakat AfD Alternative für Deutschland
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Stratenschulte

ZDF کی طرف سے کرائے جانے والے اس سروے کے مطابق مہاجرین اور مسلمان مخالف جماعت آلٹرنیٹیو فار ڈوئچ لینڈ AfD کی مقبولیت میں بھی ایک فیصد کمی ہوئی ہے مگر 10 فیصد حمایت کے ساتھ یہ اب بھی تیسری مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ گرین پارٹی کو نو فیصد جرمنوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ بائیں بازو کی جماعت دی لِنکے کی مقبولیت سات فیصد بنتی ہے۔ فری ڈیموکریٹک پارٹی FDP کی مقبولیت کی شرح چھ فیصد ہے۔

جرمن آئین کے مطابق پارلیمان میں پہنچنے کے لیے کسی بھی جماعت کے لیے کم از کم پانچ فیصد ووٹ حاصل کرنا لازمی ہوتا ہے۔