1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سولہ سالہ آسٹریلوی ’ہیروئین‘ کا بحری سفر مکمل

15 مئی 2010

جواں سال آسٹریلوی جیسیکا واٹسن نے تن تنہا دُنیا کا سمندری سفر مکمل کر لیا ہے۔ ہفتہ کو سڈنی کی بندرگاہ پر ان کا استقبال کرنے والے ہزاروں مداحوں میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم کیون رڈ بھی شامل تھے۔

https://p.dw.com/p/NOnP
جیسیکا واٹسنتصویر: picture alliance / dpa

ان کا یہ سفر 210 دن میں مکمل ہوا اور اس دوران انہوں نے اپنی دس میٹر طویل کشی پر 23 ہزار سمندری میل کا سفر طے کیا۔ جیسیکا کی عمر 16برس ہے، اور انہیں بغیر کسی مدد کے، بغیر رکے اور تنہا ایسا سفر مکمل کرنے والی کم عمر ترین کشتی بان قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ وہ اس سفر میں زیادہ دُور تک نہیں گئیں اور اس لئے ریکارڈ کی حق دار نہیں ہے۔

Australien Premierminister Rudd
آسٹریلوی وزیر اعظم کیون رڈتصویر: AP

ورلڈ اسپیڈ کونسل کی منظوری کے لئے کم از کم عمر 18 برس ہونی چاہئے، جو جیسیکا کا ریکارڈ باقاعدہ تسلیم نہ کئے جانے کی ایک دوسری وجہ ہے۔

جیسیکا اپنی گلابی کشتی پر ہفتہ کو سڈنی ہاربر پہنچیں تو ان کے سفر کے باقاعدہ اختتام کے اعلان کے لئے ہوٹر بجایا گیا۔ ان کے استقبال کے لئے موجود بیشتر لوگ گلابی رنگ کے لباس زیب تن کئے ہوئے تھے۔ یہ تقریب آسٹریلیا بھر میں براہ راست نشر کی گئی۔

ہاربر پر وزیر اعظم کیون رڈ جیسیکا کے والدین راجر اور جولی کے ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے جیسیکا کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے آسٹریلیا کی نئی ہیرو قرار دیا۔

تاہم جیسیکا نے کہا کہ وہ ہیرو نہیں بلکہ ایک عام سی لڑکی ہیں، جو خوابوں پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی حیرت انگیز کارنامہ کر دکھانے کے لئے کسی کو بھی کوئی زبردست شخصیت ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ اپنے خواب پر یقین رکھنے اور اسے سچ کر دکھانے کے لئے محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا، ’میں نے اپنے سفر سے یہ سیکھا ہے کہ لگن سے ہر کام ممکن ہے۔‘

Jessica Watson
جیسیکا گزشتہ برس اکتوبر میں سفر پر روانہ ہوئیںتصویر: picture-alliance/ dpa

بحری سفر سے واپسی جیسیکا کے لئے ایک خوشگوار تبدیلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنہائی اور خالی موجوں کو دیکھنے کی عادی ہو چکی تھی۔ جیسیکا نے بتایا کہ تقریبا سات ماہ تک انہوں نے کسی انسان کو نہیں دیکھا اور اب اچانک ہر طرف لوگ ہی لوگ دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’ہر طرف رنگ ہیں، ہر طرف شور ہے، بہت کچھ ہے اور بہت اچھا ہے۔‘

آسڑیلیا ہی کے جیزے مارٹن نے 1999ء میں 327 دن میں تنہا بحری سفر کرنے کا ریکارڈ بنایا۔ اس وقت ان کی عمر 18 برس تھی۔ ہفتہ کو جیسیکا کے استقبال کے لئے وہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو کام انہوں نے 11ماہ میں کیا، جیسیکا نے سات مہینوں میں کر دکھایا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ