1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوچی کی جیل منتقلی پر عالمی برادری کی ناراضگی

رپورٹ: ندیم گل، ادارت: مقبول ملک15 مئی 2009

میانمارمیں حزب اختلاف کی رہنما آنگ سان سوچی کوجیل منتقل کرنے پر بین الاقوامی برادری نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون، یورپی یونین اورامریکہ نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Hpgc
نظربندرہنما سوچیتصویر: AP

جرمن وزرات خارجہ نے سوچی کی جیل منتقلی پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے انکی رہائی اور نظربندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جمعرات کو آنگ سان سوچی پر نئے الزامات لگائے گئے۔ انہیں اپنے گھر میں ایک امریکی شہری کو ٹھہرانے پر پانچ سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔انہیں گھر سے جیل منتقل کرنے کے بعد الزامات سے آگاہ کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف مقدمے کی سماعت 18 مئی کو ہوگی۔

آنگ سان سوچی پر الزام ہے کہ انہوں نے نظربندی کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک امریکی شہری جان ویلیئم کو دو روز تک اپنے گھر پر ٹھہرایا۔ بعدازاں جان ویلیئم کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ میانمار کے سرکاری میڈیا کے مطابق ویلیئم کی جانب سے سوچی سے ملنے کی یہ دوسری کوشش تھی۔

Aung San Suu Kyi Haus in dem sie unter Arrest steht in Myanmar.jpg
ینگون میں سوچی کا گھر، جہاں انہیں نظر بند رکھا گیاتصویر: picture-alliance/dpa

انسانی حقوق کی تنظیموں نے سوچی کے خلاف اس نئے مقدمے کی مذمت کی ہے جس کی سماعت آئندہ پیر کو ہو گی۔ اپوزیشن سیاستدانوں کا الزام ہے کہ اس مقدمے کے ذریعے حکومت 63 سالہ سوچی کو آئندہ سال ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا چاہتی ہے۔ فورم فار ڈیموکریسی کی رکن Soe Aun نے میانمار کے عوام حکومت کے اس فیصلے پر سخت ناراض ہیں:"یہ مضحکہ خیز ہے کہ وہ آنگ سان سوچی کو دُور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور نئے الزامات کے تحت قید میں رکھے ہوئے ہیں۔"

نوبل امن انعام یافتہ سوچی کی جماعت قومی لیگ برائے جمہوریت نے 1990 کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے فتح حاصل کی تھی تاہم فوج نے اسے حکومت سازی کی اجازت نہیں دی تھی۔ ماضی میں برما اور اب میانمار کہلانے والی جنوب مشرقی ایشیا کی اس ریاست میں 1962 سے فوج برسراقتدار ہے۔

سوچی کی حالیہ نظربندی رواں ماہ کے آخر میں ختم ہو رہی ہے۔ تاہم اب یہ امر کافی حد تک یقینی ہو گیا ہے کہ نئے قانونی الزامات کے ذریعے انہیں 27 مئی کے بعد بھی رہا نہیں کیا جائے گا۔ میانمار کی یہ خاتون سیاستدان گذشتہ 19 برسوں کے دوران 13 برس کسی نہ کسی الزام میں زیر حراست رہی ہیں۔

اقوام متحدہ کے قانونی ماہرین کا الزام ہے کہ آنگ سان سوچی کی مسلسل نظربندی سیاسی اخلاقی ضابطوں کے علاوہ میانمار کے ریاستی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔ میانمار میں موجود ہومین رائٹس واچ کی ایک اہلکار Sunai Pasuk نے ڈوئچے ویلے کو بتایا:"اس صورت حال میں میانمار کی فوجی حکومت کا اصل چہرہ ایک مرتبہ پھر کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ وہ بے رحم ہے۔"

اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی کئی بین الاقوامی تنظیموں نے سوچی کی صحت پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے میانمار حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سوچی کے ڈاکٹروں کو ان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔