1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سویڈش کمپنی سکانیا اب پاکستانی مارکیٹ میں 

بینش جاوید
8 جون 2017

ٹرک اور بسیں بنانے والی سویڈن کی کمپنی سکانیا نے اعلان کیا ہے کہ اس کی جانب سے پاکستان میں پریمیم ٹرک، ٹریکٹر اور بسیں متعارف کرائی جائيں گی۔ اس کمپنی  نے یوسف دیوان نامی کمپنی کو پاکستان میں اپنا ڈسٹریبیوٹر مقرر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2eJYs
England Blockade Eurotunnel
تصویر: Getty Images/AFP/B. Stansall

سکانيا کی ویب سائٹ پر جاری کردہ معلومات کے مطابق يہ کمپنی کافی عرصے سے پاکستانی منڈی میں داخل ہونے کا ارادہ رکھتی تھی۔ سکانیا نے اب پاکستان میں یوسف دیوان ٹرک اینڈ بس کمپنی کو اپنے ٹرک اور بسیں فروخت کرنے کے لیے ڈسٹری بیوٹر مقرر کر دیا ہے۔

سکانیا کمپنی کے پاکستان ميں کاروبار کے مینیجر ٹوبیاز ایکسڈیٹ کا کہنا ہے، ’’ہمیں امید ہے کہ ہم پاکستان میں اعلیٰ معیار کی گاڑياں فروخت کر سکیں گے۔ پاکستان میں ایسے گاہک ہیں جو ایک شہر سے دوسرے شہر سفر کے لیے بہترین اور آرام دہ بسوں میں سفر کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق پاک چین اقتصادی راہ داری کی وجہ سے ان کے ٹرکوں اور بسوں کی مانگ میں اضافہ ہو گا۔ سی پیک منصوبے کے ذریعے وسطی چین کو پاکستان کے شہر گوادر کی بندرگاہ سے ملایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کراچی سے لاہور تک 1100 کلومیٹر  طویل موٹر وے بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے چین کی سرحد تک سڑکوں کی مرمت بھی کی جاری ہے۔ سکانیا کی ویب سائٹ کے مطابق،’’ ان راستوں پر کارگر اور بہتر ٹرکوں کی ضرورت ہو گی۔ سکانیا کے پاس کم تیل استعمال کرنے والے اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹرک ہیں۔‘‘

Pakistan | China und Pakistan starten ihre Handelsroute
پاک چین اقتصادی راہ داری کی وجہ سے سکانیا کے ٹرکوں اور بسوں کی مانگ میں اضافہ ہو گاتصویر: picture-alliance/AA

واضح رہے کہ گوادر بندرگاہ کے باعث چین سے بحری جہازوں کے ذریعے سامان کی ترسیل میں تین ہفتے کی کمی آ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ سے بھی سامان کی ترسیل مقابلتاً جلد پاکستان پہنچ سکتی ہے۔

سکانیا پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں بھی اپنے ٹرک فروخت کرنا چاہتی ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ پاکستان کے پاس دنیا کے پانچویں سب سے زیادہ سونے کے ذخائر ہیں۔ اس یورپی کمپنی کے ڈسٹریبیوٹر یوسف دیوان ٹرک اینڈ بس کمپنی کا تعلق دیوان مشتاق گروپ سے ہے۔ اس گروپ نے پاکستان میں ٹیکسٹائل، سیمنٹ اور چینی کی صنعت میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ یہ گروپ پاکستان میں جرمن کار ساز ادارے بی ایم ڈبلیو کی گاڑیوں کو برآمد کرتا ہے اور کورین گاڑیوں کو اسمبل بھی کرتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں