1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سویڈن دنیا کی معمر ترین مہاجر خاتون کو ملک بدر کرے گا

اے ایف پی
6 ستمبر 2017

سویڈش امیگریشن حکام نے ایک سو چھ سالہ افغان مہاجر خاتون کو واپس افغانستان بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بی بی حال ازبکی کو پناہ کی درخواست مسترد ہونے کی خبر سن کر دل کا دورہ پڑا تھا۔

https://p.dw.com/p/2jPyG
Schweden Afghanischer Flüchtling Bibihal Uzbeki in Hova
تصویر: picture-alliance/AP Photo/D. Keyton

 اُزبکی اور اُن کا خاندان افغانستان کے شہر قندوز سے ہجرت کر کے ایران اور ترکی کے دشوار گزار راستوں سے گزر کر سن دو ہزار پندرہ میں سویڈن پہنچے تھے۔ سن 2015 ہی میں جب یہ خاندان کروشیا کے ایک مہاجر کیمپ میں مقیم تھا، صحافیوں نے بی بی حال اُزبکی کو دنیا کی ضیعف ترین مہاجر خاتون قرار دیا تھا۔

گزشتہ برس دسمبر میں اس خاندان کو بتایا گیا کہ اُن کی پناہ کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں تاہم اُزبکی کی درخواست پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ امسال جنوری میں تاہم سویڈش امیگریشن حکام نے اُزبکی کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا۔

ایک سو چھ سالہ ازبکی آج کل سویڈن کے وسطی شہر حووا میں اپنے پوتوں پوتیوں سمیت خاندان کے گیارہ افراد کے ساتھ ایک فلیٹ میں مقیم ہیں۔ اُن کا اڑسٹھ سالہ بیٹا محمد اللہ بی بی حال ازبکی کو یورپ تک پہنچنے کے دشوار گزار سفر پر اپنی کمر پر اٹھا کر لایا تھا۔ اُزبکی آنکھوں سے تقریباﹰ معذور ہو چکی ہیں اور مستقل بستر پر ہی ہیں۔ وہ بات چیت کرنے کے قابل بھی نہیں۔

106-Jährige Afghanin Bibihal Uzbek
تصویر: picture-alliance/PIXSELL/D. Javorovic

سویڈش حکام نے ڈی ڈبلیو کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا ہے کہ جب تک ازبکی کی پناہ کی درخواست پر فیصلے کے خلاف اپیل کا عمل جاری ہے اسے ڈی پورٹ نہیں کیا جائے گا۔ سویڈش حکام نے اپنی ای میل میں زور دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پناہ کے معاملے میں زیادہ عمر تحفظ فراہم کرنے کی وجہ نہیں بن سکتی۔

سویڈش حکام نے اس ضمن میں انسانی حقوق کی یورپی عدالت کے ایک فیصلے کا حوالہ بھی دیا جس میں کہا گیا تھا کہ فن لینڈ نے ایک معمر شخص کو روس واپس بھیجنے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں کی کیونکہ روس میں اُن کو صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل تھی۔