1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سویڈن: شیعہ مسلمانوں کی سب سے بڑی مسجد میں آتش زنی

صائمہ حیدر
1 مئی 2017

سویڈش  پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سٹاک ہولم میں شیعہ مسلمانوں کی سب سے بڑی مسجد پر گزشتہ رات ہوئے ایک مشتبہ حملے میں مسجد کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ حکام کے مطابق مسجد کو جان بوجھ کر آگ لگائی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/2cB7s
Schweden Brand in einer großen Moschee in der Nähe von Stockholm
سویڈن میں حالیہ برسوں میں کئی مساجد پر حملے کیے گئے ہیں اور چند ایک قصور واران کو گرفتار بھی کیا گیا ہےتصویر: Getty Images/AFP/TT News Agency/A. Wiklund

ایک پولیس ترجمان کے مطابق شمالی سٹاک ہولم کے مضافات میں واقع ’یاکوبز برگ‘ کے قصبے میں قائم امام علی اسلامک سینٹر کا بیرونی حصہ شعلوں کی نذر ہو گیا ہے  تاہم  اس واقعے میں کسی فرد کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں۔

 سویڈن کی ٹی ٹی نیوز ایجنسی نے پولیس ترجمان لارش بستروم کے حوالے سے بتایا:’’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مسجد کو آگ باہر سے لگائی گئی۔‘‘ رپورٹ کے مطابق اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا حملے کے کوئی سیاسی محرکات تھے۔

 امام علی اسلامک سینٹر کے ترجمان عقیل زہری نے سویڈش براڈکاسٹر ادارے ایس وی ٹی کو بتایا:’’یہ سویڈن میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی سب سے بڑی مسجد ہے، جو یہاں ہزاروں کی تعداد میں آتے ہیں۔ یہ عقیدت مند مسجد پر حملے سے بہت پریشان ہیں۔‘‘

سویڈن میں حالیہ برسوں میں کئی مساجد پر حملے کیے گئے ہیں اور چند ایک قصور واران کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس اپریل میں ایک 31 سالہ شخص کو سی سی ٹی وی کی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس شخص نے نسلی بنیادوں پر طیش میں آ کر جنوب مغربی شہر بورس کی ایک مسجد کو آگ لگا دی تھی اور اپنا جرم قبول کر لیا تھا۔ اسے تین سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

گزشتہ برس نومبر میں نامعلوم افراد نے سویڈش دارالحکومت کی ایک مسجد میں داخل ہو کر اُس کے مرکزی ہال میں رنگین اسپرے سے نقش نگاری اور توڑ پھوڑ کی تھی۔ سویڈن میں نسل پرستی کی مخالفت کرنے والے سرگرم کارکنوں نے جنوری سن 2015 میں ملک میں مساجد جلانے کے تسلسل سے ہونے والے تین واقعات پر احتجاج کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کی سات تاریخ کو اُزبک قومیت کے حامل ایک ٹرک ڈرائیور رحمت عاقلوف  نے 5 افراد کو ایک چوری شدہ ٹرک تلے روند ڈالا تھا۔ تحقیقات پر اِس ٹرک ڈرائیور نے دہشت گردانہ حملہ کرنے کا اعتراف بھی کر لیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید