1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سویڈن میں ٹرک کے ذریعے ’دہشت گردانہ‘ حملہ، سیکرٹ سروس

علی کیفی Reuters, AFP
7 اپریل 2017

سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں مبینہ طور پر ایک ٹرک حملے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ سویڈن کے انٹیلیجنس ذرائع نے ابتدائی معلومات کی روشنی میں اسے ایک ’دہشت گردانہ‘ حملہ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2at9X
Schweden Stockholm LKW fährt in Menschenmenge
تصویر: Reuters/TT News Agency/J. Gow

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ واقعہ آج  اسٹاک ہوم کے وسط میں پیش آیا، جہاں ایک ٹرک ایک شاپنگ اسٹریٹ میں ایک ہجوم پر چڑھ دوڑا اور پھر ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور میں گھُس گیا۔ اس واقعے کے فوراً بعد لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو کر افراتفری میں وہاں سے بھاگ نکلے۔

سویڈن کی انٹیلیجنس ایجنسی ساپو (Sapo) کی ایک خاتون ترجمان نینا اوڈرمالم نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ یہ جان بوجھ کر کیا جانے والا ایک حملہ تھا، جس میں ’لوگ ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں‘۔

روئٹرز کے مطابق اس واقعے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں اور سویڈن کے وزیر اعظم نے بھی دو ہی ہلاکتوں کا ذکر کیا ہے تاہم سویڈن کی پولیس نے اب تین ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ اس سے پہلے سویڈش ریڈیو نے اس واقعے میں تین افراد کی ہلاکت کا ذکر کیا تھا۔ سویڈش ریڈیو کے مارٹن سوینگسن نے بتایا تھا:’’میں نے کم از کم تین لاشیں دیکھی ہیں لیکن شاید زیادہ بھی ہوں۔‘‘ پولیس نے اس تعداد کی تصدیق نہیں کی۔ روئٹرز کے ایک ذریعے نے اس واقعے کے بعد موقع پر انسانی جسموں کی طرح کے کئی اجسام کمبلوں سے ڈھکے ہوئے دیکھے۔ 

Schweden ARCHIVBILD Stockholm Einkaufszentrum Ahlens City
’آہلینس سٹی‘ نامی سٹور سٹاک ہوم کے عین وسط میں واقع ہےتصویر: picture-alliance/dpa/T. Jaakonaho

مرکزی اسٹاک ہوم کے متاثرہ علاقے کی ناکہ بندی  کر دی گئی ہے اور پولیس اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کے ارکان بھاری تعداد میں موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے علاقے سے تمام افراد کو باہر نکال لیا ہے۔

سویڈن کے نشریاتی ادارے ایس وی ٹی کے مطابق جائے ’واردات‘ پر فائرنگ کی  آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔ سویڈن کی نیوز ایجنسی ٹی ٹی کے مطابق بہت سے لوگوں کو ایمبولینس میں ڈال کر تیزی سے وہاں سے لے جایا گیا ہے۔

Schweden Stockholm LKW fährt in Menschenmenge
یہ ٹرک، جس سے دھواں اٹھتا نظر آ رہا ہے، پہلے ایک ہجوم سے جا ٹکریا اور پھر ایک سٹور کے اندر گھُس گیاتصویر: Reuters/TT News Agency/A. Schyman

لائیو ٹی وی فوٹیج میں دکھایا جا رہا ہے کہ کیسے ڈروٹ ننگاتان اسٹریٹ کے آہلینس نامی اسٹور سے دھواں اُٹھ رہا ہے۔ یہی وہ اسٹور ہے، جس میں یہ ٹرک جا گھُسا تھا۔ روزنامے آفٹن بلڈیٹ سے باتیں کرتے ہوئے ایک عینی شاہد جان گران روتھ نے بتایا:’’ہم جوتوں کی ایک دکان میں کھڑے تھے اور ہم نے کچھ سنا ... اور پھر لوگوں کے چیخنے چِلانے کی آوازیں آنے لگیں۔ میں نے شاپ سے باہر دیکھا تو مجھے ایک بڑا ٹرک نظر آیا۔‘‘