1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپین کی تاریخی التامیرا غار کھولنے کا فیصلہ

10 جون 2010

سپین کے وزیرِ ثقافت نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی تاریخی التامیرا غار، جو 2002ء سے بند ہے اور جس میں زمانہ قبل از تاریخ کی انتہائی اہم پینٹنگز موجود ہیں، رواں سال کے اواخر میں عام لوگوں کے لئے کھول دی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/Nltf
التامیرا غار میں بنی ایک تصویرتصویر: AP

ہسپانوی وزیرِ ثقافت اینگخیلیس گونزالیس کے مطابق ماہرین کا ایک بورڈ اِس بات کا فیصلہ کرے گا کہ ایک وقت میں کتنے لوگوں کو اس غار میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے کیونکہ گنجائش سے زیادہ افراد کی آمد ان پینٹنگز کے لئے نقصان کا باعث ہو سکتی ہے۔ ان میں سے کئی پینٹنگز کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ 14,500 سال پرانی ہیں۔

انیسویں صدی کے اواخر میں دریافت ہونے والی اِس غار کو عام لوگوں کے لئے کئی مرتبہ بند کیا گیا کیونکہ بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد اور اُن کی سانسوں سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے باعث تصویروں کو نقصان پہنچ رہا تھا۔

یہ تصویریں اُس زمانے کی ہیں، جب پتھر کا دور اپنے اِختتام کے قریب تھا۔ اِن نایاب فن پاروں میں انسان، جانور اور انسانی ہاتھ دکھائے گئے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ پینٹنگز شکار سے متعلقہ رسوم میں بھی استعمال کی جاتی ہوں گی۔ اقوامِ متحدہ کا تعلیم، سائنس اور ثقافت کا ادارہ یونیسکو التامیرا غار کو بین الاقوامی ورثہ قرار دے چکا ہے۔

اس غار کے بند ہونے کی وجہ سے سیاحوں اور عام لوگوں کی توجہ کا مرکز التامیرا ہی کی طرز پر بنائی گئی ایک مصنوعی غار بن گئی تھی، جو اسپین کے شمالی قصبے سانتلانا دیل مار کے قریب تعمیر کی گئی تھی۔ التامیرا کے بند ہونے کے بعد سے 2.5 ملین افراد یہ مصنوعی غار دیکھنے کے لئے گئے۔

رپورٹ: عبدالستار

ادارت: امجد علی